جاوید اقبال
مینڈھر// جموں و کشمیر کے کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے پیر کے روز سب ڈویڑن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں ایک جامع عوامی رابطہ پروگرام کا انعقاد کیا، جس کے دوران انہوں نے مختلف وفود اور افراد سے ملاقات کر کے علاقے میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر موصوف نے دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے تقریباً 17 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے کمیونٹی فیسلیٹیشن سینٹر (CFC) کا افتتاح کیا، جسے مقامی عوام کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منصوبے دیہی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید مؤثر بناتے ہیں۔وزیر نے منکوٹ میں زیر تعمیر اسپورٹس اسٹیڈیم کا بھی معائنہ کیا، جس پر تقریباً 58 لاکھ روپے کی لاگت آرہی ہے۔
انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو بہتر کھیل سہولیات میسر آسکیں۔دورے کے دوران مختلف وفود نے وزیر سے ملاقات کر کے اپنے مسائل پیش کیے۔ گورنمنٹ ڈگری کالج مینڈھر کے طلبہ کے ایک وفد نے گرلز ہاسٹل سے متعلق مشکلات اور کالج میں ملٹی پرپز ہال کے قیام کا مطالبہ بھی پیش کیا۔وزیر نے تمام وفود کے مسائل کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں متوازن اور ہمہ گیر ترقی کے لیے پرعزم ہے، اور عوامی شکایات کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ لوگوں کو بہتر سہولیات اور مواقع فراہم کیے جا سکیں۔