جموں//نواحی گائوں بجالتہ میں ڈائمنڈ پبلک اسکول کے سالانہ دن کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سابق وزیر سجاد کچلو نے کی۔ اس موقعہ پر بچوں نے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیا جب کہ عمدہ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے طلاب میں انعامات اور اعزازات تقسیم کئے گئے۔ اپنے صدارتی خطاب میں سجاد کچلو نے تعلیم نسواں کی اہمیت کا اجاگر کرتے ہوئے بچیوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسکول ہذا میں بچیوں کی حصولیابیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کونسل ممبر نے کہا کہ لڑکیوں اور لڑکوں کو ہر شعبہ میں یکساں مواقع فراہم کئے جانے چاہئیں ، انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ کی کلہم ترقی کے لئے لازم ہے کہ وہاں کی بچیاں تعلیم یافتہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نو عمر اور کمسن بچوں کی درست تربیت ایک چیلنج بن چکا ہے جسے حاصل کرنے کیلئے اساتذہ اور والدین میں قریبی تال میل لازمی ہے۔ اس موقعہ پر ایم ایل سی موصوف نے اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے اسکول کی لائبریری اور لیبارٹری کے لئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔