جموں//خزانہ، تعلیم اور محنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے رقومات کی بہترمصرف پر زوردیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پروجیکٹوں کے تخمینہ جات میں بیجا اضافہ اور رقومات کی فضول خرچی کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔کلسٹر یونیورسٹی جموں میں ترقیاتی پروجیکٹوں کے بنیادی ڈھانچے پر جاری کام کا جائزہ لیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ڈی پی آر ترتیب دیتے وقت پروجیکٹوں کے تخمینے میں بیجا اضافہ کرنے سے گریز کریں۔انہوںنے کہا کہ اہم سیکٹروں جیسے تعلیم کے لئے رقومات کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن حکومت کسی بھی قیمت پر عوامی رقومات کو ضائع ہونا برداشت نہیں کرے گی۔انہوںنے متعلقین کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ آر یو ایس اے کے تحت چلائے جارہے کچھ پروجیکٹوں کی سست رفتاری تشویشناک ہے جو جموں کلسٹر یونیورسٹی کے مختلف کالجوں میں جاری ہے ۔میٹنگ میںوائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجوبھسین ، اعلیٰ تعلیم کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر سامون ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں ، ایم ڈی جے کے پی سی سی ، متعلقہ کالجوں کے سربراہان اور اعلیٰ تعلیم کے سینئر افسران ، صحت عامہ ، سپورٹس کونسل اور آر اینڈ بی کے انجینئر موجود تھے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مین کیمپس عمارت کے علاوہ 18 پروجیکٹوں کی تعمیر پر 51کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں ۔ ان پروجیکٹوںمیں نئے کلاس روم بلاک ، لائبریری ، کنٹین بلاک، آڈیٹوریم دیگر پانچ کالجوں کے بنیادی ڈھانچے بھی شامل ہیں۔میٹنگ میںمزید بتایا گیا کہ 16پروجیکٹوں کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ دو پروجیکٹوں پر شد و مد سے جاری ہے۔دریں اثنا نے الطاف بخاری نے کہاکہ یونیورسٹی کیمپس کا افتتاح وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی انجام دے گی ۔اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ التوا میںپڑے کام جلد از جلد مکمل کریں اور یونیورسٹی کی عمارات یونیورسٹی کے انتظامیہ کو سپرد کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔