جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے ریاست میں سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرنے کو متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران دیں جو ریاست میں ٹریفک نظام کی صورتحال کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کمشنر ڈاکٹر ایس پی وید ، پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر سامون ، پرنسپل سیکرٹری صحت اتل ڈولو اور آئی جی ٹریفک آلوک کمار کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران موٹر وہیکل ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے مشیر موصوف کو اُن اقدامات کے بارے میں بتایا جو ریاست میں سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں ۔ مشیر موصوف نے ہدایت دی کہ گاڑیوں کیلئے فٹنیس سرٹیفکیٹ کڑی جانچ پڑتال کے بعد ہی جاری کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے سڑکوں خصوصاً قومی شاہراہ پر چلنے والی بسوں کی جانچ کے احکامات بھی دئیے تا کہ سڑک حادثات کو کم کیا جا سکے ۔ مشیر موصوف نے گاڑیاں تیز رفتاری کے ساتھ چلانے والے ڈرائیوروں کے خلاف کڑی کاروائی کی ہدایت بھی دی ۔ مشیر نے سڑک حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور ہسپتال پہنچانے کیلئے مخصوص ایمبولینس گاڑیوں کی خرید کی خاطر مزید رقومات واگذار کرنے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے سڑک حادثات پر قابو پانے کیلئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل پر زور دیا ۔ مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ہر سال سڑک حادثات میں تقریباً ایک ہزار اموات واقع ہوتی ہیں ۔ میٹنگ میں سڑک حادثات کو روکنے اور ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے حفاظتی اقدامات کو عملانے کے تعلق سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔