سرحدی علاقوں کی سڑکیں منقطع،24مارچ تک موسم جوں کا توں رہیگا
سرینگر//وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میںسوموار کو رک رک کر بارشوں اور بالائی علاقوں میں برف باری ہونے سے ایک بار پھر سرحدی علاقوں کی رابطہ سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئیں ۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔محکمہ نے تیز ہوائیں چلنے اور بجلی چمکنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے لوگوں کو الرٹ رہنے کی بھی تاکید کی ہے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ درختوں اور لوہے کے کھمبوں کے نیچے بیٹھنے سے اعتراض کریںجبکہ بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے کہا گیا کہ وہ اوپری علاقوں کا سفر نہ کریں کیونکہ ان علاقوں میں پسیاں گرنے کا خطرہ لاحق ہے ۔ تازہ برف باری کے نتیجے میں بانڈی پورہ گریز ، کرناہ کپوارہ ، کیرن کپوارہ اور کپوارہ مژھل سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں ۔
سرینگر، وسطی کشمیر
سرینگر میں سوموار کو موسلا دھار بارشیں ہوتی رہیںجس کے نتیجے میں معمولات درہم برہم ہوگئے ۔بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔ضلع بڈگام میں بھی دوسرے روز بھی بارشیں ہوہیں ۔بڈگام اور چاڈورہ میں بارشیں جاری تھیں۔گاندربل سے ارشاد احمد کے مطابق وہاں پر بھی بارشیں ہو رہی تھیں۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق زوجیلا، سونہ مرگ، گگن گیر، کلن، گنڈ اور کنگن میں گذشتہ روز سے ہی ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا ۔جبکہ منی مرگ، دراس، مٹاین اور اسکے مضافاتی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جنوبی کشمیر
پلوامہ سے سید اعجاز کے مطابق میدانی علاقوں میں ہونے والی بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ پلوامہ قصبہ سمیت اونتی پورہ ، ترال اور دیگر قصبہ جات میں موصلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری تھا ۔کولگام سے خالد جاوید کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں سوموار کی صبح دس بجے سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، جو شام دیر گئے تک جاری تھا ۔اننت ناگ سے عارف بلوچ کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں پہلگام ، سنتھن ٹاپ ، کوکرناگ ،کپرن ، شاہ آباد میں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔شوپیاںسے شاہد ٹاک کے مطابق ضلع کے بالائی اور میدانی علاقوں میں سوموار کی صبح سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔
شمالی کشمیر
بانڈی پورہ سے نمائندے عازم جان کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی۔ زادان ٹاپ پر تازہ 5انچ برف جمع ہونے کے بعد شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ۔ بارہمولہ سے فیاض بخاری کے مطابق ،گلمرگ ، ٹنگمرگ ، بابا ریشی ، گمڈوری ، افروٹ ، حاجی بل سمیت ضلع کے دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کا سلسلہ سوموار کی شام سے شروع ہوا ۔سوموار کی شام تک ان علاقوں میں 3سے5انچ تک برف جمع ہوئی ، جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میںبارشوں کے نتیجے میں کرناہ کپوارہ، کیرن کپوارہ اور مژھل کپوارہ شاہراہیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بندہو گئی ہیں ۔کرناہ سادھنا ٹاپ پر ابھی تک 2فٹ برف جمع ہے جبکہ پھرکیاں ٹاپ پر 1فٹ برف جمع ہوئی ۔ مژھل کپوارہ شاہراہ پر بھی 9انچ برف جمع ہوئی ہے ۔انتظامیہ نے موسمی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرناہ ،فرکیاں ،کمکڑی ،مڑھل اور جمہ گنڈ کے لوگوں سے کہا کہ وہ چلنے پھرنے میں احتیاط برتیں کیونکہ ان علاقوں میں پسیاں گر آنے کا خطرہ لاحق ہے۔
محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات نے اگلے24مارچ موسم خراب رہنے کی اپنی پیش گوئی کودہرایاہے۔ علاقائی ناظم سونم لوٹس نے کہا کہ وادی کشمیر میں 24 مارچ تک برف وباراں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران تیز ہوائیں اور بجلی چمک سکتی ہے جس کے پیش نظر لوگوں کو ہوشیار اور احتیاط کرنے ضرورت ہے انہوں نے برفانی اور مٹی کے تودے اور سیلابی ریلے آنے کی بھی وارننگ جاری کی ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں صبح8بجے سے شام 5بجے تک 9.0ملی میٹر بارش درج کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 16.6ملی میٹر ،پہلگام میں 12.6ملی میٹر ،کپوارہ میں 16.2ملی میٹر ،کوکرناگ میں 9.8ملی میٹر اور سیاحتی مقام گلمرگ میں 9.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔