عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سابق بھارتی کرکٹر اور کانگریس کے سینئر رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے سرینگر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کے ساتھ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات سدھو کے کشمیر میں جاری خاندانی دورے کے دوران ہوئی، جس نے سیاسی حلقوں میں بھی توجہ حاصل کی۔ ملاقات کے بعد سدھو نے سوشل میڈیا پر اپنے تاثرات شیئر کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے وادی کشمیر کے دورے کو خوشگوار بنانے میں تعاون کیا۔
سدھو نے لکھا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھارتی سیاست کی ایک بڑی شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ عوامی مسائل پر بے باکی سے اپنی رائے پیش کی۔سدھو حالیہ دنوں کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ کر رہے ہیں اور وادی کی خوبصورتی کو سوشل میڈیا پر اجاگر کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے سابق مرکزی وزیر اور سینئر سیاست دان ڈاکٹر کرن سنگھ سے بھی کرن محل میں ملاقات کی تھی اور انہیں ”بھارتی سیاست کا بزرگ ترین رہنما” قرار دیا تھا۔اس دورے میں ان کی اہلیہ، سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر نوجوت کور سدھو اور ان کے بچے بھی ہمراہ ہیں۔ یاد رہے کہ نوجوت کور سدھو نے حال ہی میں اپنی نئی سیاسی جماعت ”بھارتیہ راشٹروادی پارٹی” (بی آر پی) کے قیام کا اعلان کیا ہے۔