عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیربرائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کشمیر کے قیمتی ہاؤس بوٹ ورثے کے تحفظ اور بقا کے لئے پْرعزم ہے۔ سول سیکرٹریٹ سری نگر میں آل کشمیر ہاؤس بوٹ اونرس ایسوسی ایشن وفد سے ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ ہاؤس بوٹ وادی کی ثقافتی شناخت کی علامت اور سیاحتی معیشت کا ایک اہم ستون ہیں۔
اِس پر منحصر کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین منظور احمد پختون کی قیادت میں آئے ہوئے وفد نے وزیرموصوف کو ہاؤس بوٹ شعبے سے متعلق مختلف مسائل بالخصوص ہائوس بوٹوں کی مرمت، تزئین و آرائش اور مینی ٹیننس کے لئے لکڑی کی ضرورت سے آگاہ کیا۔وفد نے موجودہ لکڑی کے کوٹے میں اضافہ کرنے اور لکڑی کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کی درخواست کی۔وزیرموصوف نے یقین دِلایا کہ ان مسائل کا ہمدردانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔دریں اثنا، ممبران اسمبلی رنبیر سنگھ پٹھانیہ اور میر سیف اللہ نے بھی وزیر جاوید راناسے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقوں سے متعلق ترقیاتی اور عوامی فلاحی امور سے آگاہ کیا۔ وزیر نے اْن کو بغور سْنا اور یقین دِلایا کہ متعلقہ مسائل کو مناسب ذرائع سے مقررہ مدت میں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی