عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وادی کشمیر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کی اجازت دی جائے اور ایران سے متعلق حالیہ پیش رفت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار کیے گئے نوجوانوں کو رہا کیا جائے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس اور مجالس جموں و کشمیر کی مذہبی، ثقافتی اور روحانی روایات کا اہم حصہ ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے مذہبی جذبات اور آئینی حقوق کا احترام کرتے ہوئے ان کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ محرم صرف ایک مذہبی موقع نہیں بلکہ قربانی، صبر، انصاف اور انسانی وقار کے آفاقی پیغام کی یاد دہانی بھی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ جلوسوں اور مجالس کے دوران ٹریفک نظم و نسق، صحت کی سہولیات، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی، بجلی اور دیگر بنیادی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔محبوبہ مفتی نے ایران سے متعلق حالیہ واقعات کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے بعد بعض نوجوانوں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیے جانے اور انہیں جموں و کشمیر سے باہر مختلف جیلوں میں منتقل کیے جانے کی اطلاعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں میں مزید بے چینی اور احساسِ محرومی کو جنم دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات اور جذبات سے نمٹنے کے لیے مکالمہ، برداشت اور مثبت رابطہ ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔