جموں //نیشنل کا نفرنس کے سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر اجے سدھوترہ نے کہا ہے کہ سماج کو تقسیم کرنے کی کوششیں تعمیر اور ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں لیکن تقسیم اور نفرت کی سیاست کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔مشری والا میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے این سی لیڈر نے کہاکہ پارٹی نے ہمیشہ سماج کے ہر طبقہ اور ریاست کے تینوں خطوں کی یکساں ترقی کیلئے کام کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی ریاست میں آپسی بھائی چارے کو قائم رکھنے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے پارٹی کے ریاستی سیکریٹری رتن لعل گپتا نے سماج کو تقسیم کرنے کی کوشش کر نے والی طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل کے سنگین نتائج سامنے آینگے ۔انہوں نے بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے اپنے سیاسی مفاد کیلئے عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ ریاستی حکومت نے عوامی ترقی کیلئے کوئی بھی کام نہیں کیا جس کی وجہ سے اس وقت ریاست کے ہر ایک حصہ میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت ،بجلی کی غیر معقول سپلائی ،راشن کی عدم فراہمی و دیگر سہولیات کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔اپنے خطاب میں صوبائی سیکریٹری شیخ بشیر احمد نے کہاکہ نیشنل کا نفرنس ایک سیکولر جماعت ہے جس کا ایجنڈا تینوں خطوں کی یکساں تعمیر و ترقی ہے ۔انہوں نے کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے کام کیا جائے ۔اس موقعہ پر پارٹی کے صوبائی سیکرٹری پردیپ بالی ،ڈاکٹر غفور ،رگھو بیر سنگھ ،ماسٹر بلدیو سنگھ ،دیوی دیال ،کلدیپ کور ودیگران بھی موجود تھے ۔