مینڈھر//تعلیمی زون منکوٹ کے گورنمنٹ مڈل سکول کگیان کسبلاڑی کی حالت نہایت ہی خستہ ہے۔پچاس سے زائد بچوں کے بیٹھنے کیلئے صرف ایک ہی کمرہ ہے جبکہ ایک ٹیچر دوبرسوں سے الیکشن سیل پونچھ کیساتھ منسلک ہے۔ گورنمنٹ مڈل کگیان کسبلاڑی میں سکول کی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کے دنوں میں بچوں کی ایک ہی کمرے میں کلاسیں لگائی جاتی ہیں جبکہ دوسرا کمرہ 2014کے زلزلہ میں خراب ہوگیا تھا اور اب وہ بچوں کے بیٹھنے کے قابل نہیں ہے ۔ علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعلیم کے آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پچاس سے زائد بچوں کیلئے نہ بیٹھنے کی جگہ ہے جبکہ بچوں کو پڑھانے کیلئے متعلقہ محکمہ کے آفیسران نے 5اساتذہ تعینات کئے تھے جن میں سے ایک گذشتہ دو برسوں سے الیکشن سیل پونچھ کے ساتھ اٹیچ ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ اساتذہ کو اٹیچ کرنے میں کسی اعلیٰ آفیسر کا ہاتھ ہے اور بچوں کی پڑھائی جان بوجھ کرمتاثر کی جارہی ہے۔ انکا کہنا ہے کہ بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کررہے ہیں کیوں کہ ایک ہی کمرہ آٹھ جماعتوں کیلئے دستیاب ہے اور وہ ناکافی ہے۔ انہوں نے لیفٹنٹ گورنرر انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران سے اپیل کی ہے کہ سکول کی عمارت کو جلد مکمل کیا جائے اور جو استاددو برسوںسے اٹیچ ہے،اسکو فوری طور واپس سکول بھیجا جائے ورنہ ہم بچوں کو ساتھ لیکر مینڈھر پونچھ شاہر اہ کو بند کرکے احتجاج کریں گے ۔اس سلسلہ میں جب ڈپٹی سی او مینڈھر سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ میں اس کی انکوائری کروں گا اور متعلقہ آفیسر سے پتہ کروں گا کہ ٹیچر کیوں اٹیچ ہے اور کب ہواہے ۔