یو این آئی
ملبورن/ عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا نے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد یوکرین کی ایلینا سویتولینا کو شکست دے کر مسلسل چوتھی بار فائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ ملبورن کے راڈ لیور ایرینا میں سبالینکا کی واپسی کا سفر اب اپنی منزل کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے ۔سبالینکا نے صرف 76 منٹ میں 6-2، 6-3 سے فتح سمیٹ کر ثابت کر دیا کہ ملبورن کے ہارڈ کورٹس پر انہیں شکست دینا تقریباً ناممکن ہے ۔ یہ راڈ لیور ایرینا میں کھیلے گئے ان کے گزشتہ 27 میچوں میں سے 26 ویں جیت تھی۔ خاص بات یہ ہے کہ سبالینکا نے پورے ٹورنامنٹ میں اب تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارا۔27 سالہ بیلاروسی اسٹار سبالینکا گزشتہ چار سالوں میں صرف ایک بار ملبورن میں ہاری ہیں، جب پچھلے سال کے فائنل میں میڈیسن کیز نے انہیں حیران کن طور پر شکست دی تھی۔ اب وہ اپنے کیریئر کے پانچویں گرینڈ سلیم ٹائٹل سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ایلینا سویتولینا، جنہوں نے کوکو گاف جیسی کھلاڑی کو ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، دوسرے سیٹ کے آغاز میں 2-0 کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، لیکن سبالینکا کے طاقتور گراؤنڈ اسٹروکس اور ‘بیک ہینڈ کراس کورٹ بلٹس’ کے سامنے ان کی ایک نہ چل سکی۔