یواین آئی
سڈنی/انگلینڈ کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف کو بگ بیش لیگ کی فرنچائز سڈنی تھنڈر کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔ منگل کے روز فلنٹوف کی تقرری کی باضابطہ تصدیق سابق کوچ ٹریور بیلس کے متبادل کے طور پر کی گئی۔انگلینڈ سے باہر فلنٹوف کی کوچنگ کا یہ پہلا بڑا اسائنمنٹ ہوگا۔ اس سے قبل وہ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں ناردرن سپر چارجرز کی قیادت کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل کے سب سے نچلے نمبر سے اٹھا کر دو بار ٹاپ-4 میں پہنچایا۔ وہ انگلینڈ لائنز کی ٹیم کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں اور انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم کے مشیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔48سالہ فلنٹوف نے سڈنی تھنڈر کے ساتھ دو سال کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اس باوقار عہدے کی دوڑ میں انہوں نے آسٹریلیا کے سابق کپتان شین واٹسن اور ڈین کرسچن جیسے نامور کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ کر یہ ذمہ داری حاصل کی ہے۔تھنڈر کے سابق ہیڈ کوچ ٹریور بیلس، ٹیم کے ساتھ چھ سیزن گزارنے کے بعد رواں سال فروری میں الگ ہو گئے تھے۔ یہ فیصلہ بی بی ایل 2025/26 کے مایوس کن سیزن کے بعد سامنے آیا، جس میں سڈنی تھنڈر مسلسل دوسرے سیزن میں بھی پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی تھی۔