امتیاز خان
کبھی انسان مشینوں کو حکم دیتا تھا، آج مشینیں انسان کے فیصلوں میں شریک ہوتی جا رہی ہیں۔ موبائل فون کی سکرین سے لے کر ہسپتالوں، بینکوں، عدالتوں اور تعلیمی اداروں تک، مصنوعی ذہانت (AI)نے خاموشی سے ہماری زندگیوں میں جڑیں پکڑ لی ہیں۔ سوال اب یہ نہیں رہا کہ کیا یہ ٹیکنالوجی دنیا بدل رہی ہے، بلکہ اصل تذبذب یہ ہے کہ یہ تبدیلی نوعِ انسانی کیلئے ’رحمت‘ثابت ہوگی یا’زحمت‘؟مصنوعی ذہانت نے زندگی کے پیچیدہ ترین مراحل کو سہل بنا دیا ہے۔ آج ایک معمولی ایپ پلک جھپکتے ہی اجنبی زبانوں کا ترجمہ کر دیتی ہے، مہلک بیماریوں کی قبل از وقت تشخیص ممکن ہو رہی ہے، کسان موسم کے بدلتے مزاج سے آگاہ ہو کر اپنی فصلیں بچا رہے ہیں اور طلبہ گھر بیٹھے دنیا کی بہترین جامعات کا علم حاصل کر رہے ہیں۔ بڑے تجارتی ادارے اس ٹیکنالوجی کے ذریعے وقت، محنت اور کثیر سرمایہ بچا رہے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انسان نے اپنی سہولت کیلئے ایک ایسا’سپر ڈیجیٹل دماغ‘تخلیق کر لیا ہے جو تھکاوٹ اور انسانی لغزشوں سے پاک ہے۔لیکن ہر انقلاب اپنے ساتھ کچھ اندیشے بھی لاتا ہے۔ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ اس خوف میں مبتلا ہیں کہ کہیں یہ’مصنوعی دماغ‘ان کے روزگار کا چراغ گل نہ کر دے۔ فیکٹریوں میں مشینی طاقت، دفاتر میں خودکار سافٹ ویئر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز انسانی محنت کا متبادل بنتے جا رہے ہیں۔ اب یہ خطرہ صرف جسمانی مشقت کرنے والے مزدوروں تک محدود نہیں رہا بلکہ لکھنے والے، گرافک ڈیزائنر اور کمپیوٹر پروگرامر بھی اس ٹیکنالوجی کی لہروں کی زد میں ہیں۔بات صرف روزگار کے چھن جانے تک محدود نہیں ہے بلکہ اس ٹیکنالوجی کے اثرات ہماری نفسیات اور عالمی نظام کی بنیادوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ اس مادی نقصان سے بڑا خطرہ انسان کی فکری آزادی اور تخلیقی جوہر پر منڈلا رہا ہے۔ جب مشینیں ہمارے ذوق کے مطابق فیصلے کرنے لگیں اور ہم ہر چھوٹے بڑے کام کیلئے ان الگورتھمز کے محتاج ہو جائیں، تو انسانی مشاہدہ اور تحقیق کی جستجو دم توڑ سکتی ہے۔ سوشل میڈیا کے پیچیدہ نظام پہلے ہی ہماری پسند و ناپسند، سیاسی نظریات اور سماجی رویوں کی تشکیل کر رہے ہیں۔ ہم شعوری طور پر یہ محسوس ہی نہیں کر پاتے کہ کب ہماری’آزاد مرضی‘مشینی تجاویز کے تابع ہو گئی۔مصنوعی ذہانت کا ایک تاریک پہلو وہ ’نفسیاتی خلا‘ہے جو خاموشی سے ہمارے سماجی ڈھانچے کو چاٹ رہا ہے۔ ہم ایک ایسے عہد میں داخل ہو چکے ہیں جہاں انسانوں سے گفتگو کے بجائے مشینوںسے دل لگی کی جا رہی ہے۔ یہ مشینی قربت انسان کو انسان سے دور کر کے اسے ایک’ڈیجیٹل جزیرے‘کا مکین بنا رہی ہے، جہاں جذبات کی حرارت نہیں بلکہ صرف ڈیٹا کی سرد مہری ہے۔ جب مشینیں ہمیں ہماری پسند کا مواد دکھاتی ہیں، ہماری تنہائی میں ہمدرد بن کر بات کرتی ہیں اور ہمارے ہر سوال کا جواب دیتی ہیں، تو انسانی رشتوں میں پایا جانے والا’صبر‘اور’برداشت‘ختم ہونے لگتا ہے۔ مصنوعی ذہانت ہمیں ایک ایسی خیالی دنیا میں قید کر رہی ہے جہاں ہر چیز ہماری خواہش کے تابع ہے جبکہ حقیقی زندگی تلخ حقائق اور سمجھوتوں کا نام ہے۔ اسی طرح مستقبل کی دنیا میں طاقت کا معیار ایٹمی ہتھیار نہیں بلکہ ’ڈیٹا‘اور’الگورتھم‘ہوگا۔ جو قوم مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں پیچھے رہ گئی، وہ نہ صرف معاشی طور پر مفلوج ہو جائے گی بلکہ اس کی سیاسی آزادی بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔’ڈیجیٹل استعمار(Digital Colonialism)‘کا یہ نیا روپ انسانی مساوات کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج بن کر ابھر رہا ہے۔تعلیمی میدان میں جہاں یہ ٹیکنالوجی معلومات کا سمندر فراہم کر رہی ہے، وہیں یہ فکری جمود کا باعث بھی بن سکتی ہے۔فکری جمود اور ’ریڈی میڈ‘شعورتعلیمی اور فکری سطح پر AIکا بڑھتا ہوا غلبہ ایک ایسی نسل تیار کر رہا ہے جو معلومات تو رکھتی ہے مگر’حکمت‘سے محروم ہے۔ جب ہر مسئلے کا حل ایک کلک پر دستیاب ہو، تو انسانی دماغ کی وہ ورزش ختم ہو جاتی ہے جو اسے کندن بناتی ہے۔ اگر ہم نے اپنی نئی نسل کو یہ نہیں سکھایا کہ مشینوں کو’سوچنے‘کیلئے نہیں بلکہ ’کام‘کیلئے استعمال کرنا ہے، تو وہ دن دور نہیں جب انسانی دماغ اپنی تخلیقی صلاحیتیں کھو کر محض ایک ’آپریٹر‘بن کر رہ جائے گا۔قدیم فلسفہ کہتا تھا کہ ’محنت میں عظمت ہے‘ لیکن جدید ٹیکنالوجی ’سہولت میں عظمت‘کی قائل ہے۔ یہ سہولت پسندی ہمیں فکری طور پر بانجھ کر سکتی ہے۔ اخلاقی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو مصنوعی ذہانت ایک ایسی دو دھاری تلوار ہے جس کی باگ دوڑ کسی ضابطے میں نہیں۔ جب ٹیکنالوجی اخلاقیات کی حدوں کو عبور کر لے تو وہ ترقی نہیں بلکہ تخریب بن جاتی ہے۔ اگر مشینوں کو خود مختار ہتھیاروں میں تبدیل کر دیا گیا، تو فیصلے کی قوت اس’الگورتھم‘کے پاس چلی جائے گی جس کے سینے میں انسانی ہمدردی کا کوئی دل نہیں دھڑکتا۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ مصنوعی ذہانت اپنی ذات میں نہ خیر ہے نہ شر؛ یہ ایک طاقتور ہتھیار ہے جس کا انجام اس کے استعمال کنندہ کی نیت پر منحصر ہے۔ چاقو سے ایک سرجن کسی کی زندگی بچا بھی سکتا ہے اور کوئی اس سے زندگی چھین بھی سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی سطح پر ایسے ضابطے اور اخلاقی قوانین بنائے جائیں جو ٹیکنالوجی کو انسانی اقدار کے تابع رکھیں۔انسان کو ٹیکنالوجی کا مالک رہنا چاہئے، اس کا دستِ نگر نہیں۔ مشینیں انسان کی مددگار رہیں، اس کی جگہ لینے والی نہیں۔ کیونکہ کائنات کے تمام رازوں کو سمجھنے کیلئے’مصنوعی عقل‘تو شاید کام آ جائے لیکن کائنات کے حسن کو محسوس کرنے کیلئے جس ’احساس، محبت اور ضمیر‘کی ضرورت ہے، وہ قدرت نے صرف انسان کو ودیعت کیا ہے۔ ہمیں مشینوں کو انسان بنانے کے بجائے، انسانوں کو مشینوں کا محتاج بننے سے بچانا ہوگا۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ مصنوعی ذہانت کوئی ایسی قدرتی آفت نہیں جس کے سامنے ہم بے بس ہوں بلکہ یہ ہمارے اپنے ہی ذہن کی تخلیق ہے۔ یہ آئینہ ہے جس میں ہمارا اپنا عکس نظر آتا ہے۔ اگر ہم اس ٹیکنالوجی کو انسانیت کی فلاح، انصاف کی
فراہمی اور کائنات کے سربستہ رازوں کو فاش کرنے کیلئے استعمال کریں، تو یہ ایک نئی صبح کا آغاز ہو سکتا ہے۔ لیکن اگر ہم نے اسے اپنی لالچ اور انا کی بھینٹ چڑھا دیا تو شاید مستقبل کا مورخ یہ لکھے گا کہ انسان نے اپنی ذہانت کے زعم میں ایک ایسی مشین بنائی جس نے خود اپنے خالق کو بے وقعت کر دیا۔ اب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی سے اپنا مستقبل روشن کرتے ہیں یا اپنی بقا کی شمع گل کر دیتے ہیں۔
��