کرشنا گھاٹی سیکٹر میں بارودی سرنگ دھماکہ
فوجی اہلکار زخمی ،علاج معالجہ کےلئے ہسپتال منتقل
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ میں ہوئے بارودی سرنگ دھماکے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا جس کو علاج معالجہ کےلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں فوی گشت کے دوران ایک اہلکار بچھائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آگیا ۔انہوں نے بتایا کہ فوجی اہلکار کا پاﺅ ں بارودی سرنگ پر آنے کی وجہ سے دھماکہ ہوگیا جس کی وجہ سے اہلکار زخمی ہوگیا ۔انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی خبر موصول ہوتے ہی زخمی فوجی جوان کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی مرحم پٹی کے بعد اس کو شمالی کمانڈ کے ادہمپور ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں پر اس کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جارہی ہے ۔
کوٹر نکہ کی پنچایت کوٹ ڈھیر پانی سے محروم
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ کی پنچایت کوٹ ڈھیر کا سنگاں حساب زیارت و ملحقہ علاقہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہے تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے عوام کی مشکل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پنچایت کوٹ ڈھیر کی زیارت سنگاں حساب کےساتھ ساتھ ملحقہ علاقہ کی دس ہزار سے زائد کی آبادی پینے کے صاف پانی کی مشکلات کا سامنا کررہی ہے ۔مکینوںنے بتایا کہ اس سلسلہ مین کئی مرتبہ متعلقہ حکام و محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بھی رجوع کیا گیا ہے لیکن ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔اعظم خان گکھڑ نامی ایک مقامی شخص نے متعلقہ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں شکایت درج کروانے کے باوجود بھی عملی بنیادوں پر کوئی کام نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ جل شکتی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کےلئے کام کیا جائے ۔
آئی سی ڈی ایس محکمہ کا چھترال میں کیمپ
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ سماجی بہبود (آی سی ڈی ایس) پروجیکٹ مینڈھرکی جانب سے گاو¿ں چھترال میں ایک کیمپ کا انعقاد زیر نگرانی تاج النثاءکاظمی سی ڈی پی اومینڈھرکیا گیا جس میںں ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس تنویر احمد مہمان خصوصی تھے۔اس پروگرام میں محکمہ کی جانب سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں مثلاً پی ایم ایم وی وائی ، آدھار سیڈینگ، پوشن پکواڑہ ،صحت کارڈ وغیرہ کے متعلق نہ صرف جا نکاری فراہم کی گئی بلکہ با ضابطہ طور پر عمل آوری بھی کی گئی۔اس موقعہ پر مختلف قسم کی سبزیوں ،پھلوں دالوں کی نمایش لگا کر انکے فوائد سے بھی حاضرین کو روشناس کروایا گیااور دودھ پلانے والی خواتین میں بے بی کیٹس بھی تقسیم کی گئیں۔اس موقعہ پر آئی سی ڈی ایس میں تعینات ملازمین و پنچایتی اراکین نے بھی شرکت کی ۔
نوشہرہ میں کانگریس کارکنوں کا اجلاس
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں کانگریس کارکنوں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے کئی لیڈران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران پارٹی کارکنوں نے بھاجپا کی مر کزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سلنڈر گیس و دیگر ضروری اشیاءکی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے غریبوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیاہے تاہم حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی پالیسی نہیں بنائی جاسکی ہے ۔سبھاش کپور کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں کانگریس کارکنوں نے کہاکہ بھاجپا کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے اس وقت مہنگائی انتہائی درجہ تک پہنچ چکی ہے ۔اپنے خطاب میں سبھاش کپور نے کہاکہ ہر گزرتے دن کےساتھ ضروری اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن حکومت کی جانب سے غریب عوام کی سہولیت کےلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔کانگریس کارکنوں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں کوئی پالیسی مرتب کی جائے تاکہ غریبوں کو مہنگائی سے بچایا جاسکے ۔
سابق پرنسپل محمد رشید چوہدری کی وفات پر اظہار تعزیت
مینڈھر // مینڈھر سب ڈویژن کی کئی سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے سبکدوش پرنسپل محمد رشید چوہدری کی ہوئی اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کےلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔غور طلب ہے کہ ایک برس قبل نوکری سے سبکدوش ہوئے سابقہ پرنسپل کو پُر نم آنکھوں کے ساتھ آبائی قبر ستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔مقامی معززین نے مرحوم کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول چھترال سے سبکدوشی حاصل کی تھی جبکہ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ایمانداری کےساتھ خدمات انجام دی ہیں ۔ان کی وفات پر مولانا محمد سلطان ،محمد صادق چوہدری ،محمد عظم فانی ،ایڈوکیٹ بشارت خان ،ایڈوکیٹ شوکت چوہدری ،ایڈوکیٹ محمد جاوید خان بار صدر مینڈھر ،بیوپار منڈل مینڈھر ،سماجی کارکن عبدالحکیم ،چوہدری گلسید ،منظور حسین ،مولانا فتح محمد ودیگران نے مرحوم کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہا ر کرتے ہوئے ان کےلئے دعائے مغفرت کی ہے ۔
سماجی کارکن محمد عالم بھٹی کا انتقال
معززین کا اہل خانہ کےساتھ تعزیت کا اظہار
پونچھ //سب ڈویژن مینڈھر کے ناڑ کنیال گاﺅں کے سماجی کار کن محمد عالم بھٹی ولد سید محمد بھٹی کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا ۔مرحوم کی عمر 85برس بتائی جارہی ہے۔ان کی نماز جنازہ میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی جبکہ ان کو آبائی گاﺅں ناڑ کنیال میں پُر نم آنکھوں کےساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔ مرحوم نے غریبوں کی مدد کرنے کےساتھ ساتھ ایمانداری و محنت اور لگن کےساتھ سماجی خدمات انجام دی ہیں ۔ان کی وفات پر کئی سماجی ،سیاسی و مذہبی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے اہل خانہ کےساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک تعزیتی بیان میں محمد اسلم انقلابی ،سبکدوش ڈی ایس پی محمد رفیق سکنہ ہرموتہ گورسائی ،چوہدری میر حسین ،سبکدوش ہیڈ ماسٹر محمد رفیق بھٹی ،چوہدر ی ممتاز ،محمد شبیر پیرو ذال ودیگر ان نے سماجی کار کن محمد عالم بھٹی کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کےلئے دعائے مغفرت بھی کی ہے ۔