جموں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پرعوام کااظہارعدم اطمینان
تجاوزات ہٹانے کی مہم محض دکھاوا،غیرقانونی تعمیرات کاسلسلہ جاری
طارق ابرار
جموں//میونسپل کارپوریشن جموں جس پرشہرکے رکھ رکھائو،صفائی ستھرائی اورناجائزتجاوزات پرقدغن لگانے کی ذمہ داری عائد ہے ،جموں شہربالخصو ص پرانے شہرمیں ناجائزتجاوزات ہٹانے اورغیرقانونی اورقوانین ونقشوںکوبالائے طاق رکھ کرکی گئی تعمیرات پرروک لگانے اورنقشوں کے مطابق تعمیرات یقینی بنانے میں ناکام ہوچکاہے ۔تفصیلات کے مطابق شہرجموں بالخصوص پرانے شہرکے اندرونی علاقہ جات کاجائزہ لینے سے یہ صاف ہوجاتاہے کہ میونسپل کارپوریشن کے کچھ اعلیٰ افسران کی ملی بھگت سے نقشوں کی خلاف ورزی کرکے تیزرفتاری کے ساتھ تعمیرات کی جارہی ہیں جس کاعمومی طورپرنقصان عام شہریوں کوہورہاہے ۔سنیل کمارنامی ایک شخص نے نمائندہ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ جہاں تک ناجائزتعمیرات کاتعلق ہے اس میں محکمہ کے کچھ عہدیداران کی ملی بھگت شامل ہے جس کی وجہ سیکچھ لوگ بغیرکسی خوف کے نالیوں کے اوپر بھی تعمیرات کرنے سے چنداں گریزنہیں کررہے ہیں اورنتیجہ کے طورپرکارپوریشن کی بلڈنگ سیکشن کی طرف سے منظور کیے جانے والے تعمیراتی نقشوں کے برعکس عمارتیں تعمیرہوتی ہیں جس سے کارپوریشن کے انچارج بلڈنگ سیکشن سمیت دیگر عہدیداران کی لاپرواہی اوربددیانتی عیاں ہوجاتی ہے۔یہاں یہ بات بھی عیاں ہے کہ کارپوریشن کاایک شعبہ یعنی سینی ٹیشن جس کی کارکردگی کچھ حدتسلی بخش ہے کوبھی نالیوں کی صفائی میں جومشکلات آتی ہیں اس کی وجہ بھی ناجائزتجاوزات پرروکتھام کیلئے محکمے کے عہدیداران بالخصوص فیلڈانسپکٹروں اورخلاف درزی سیکشن کے عملے کاغیرذمہ دارانہ رویہ اور غفلت شعاری ذمہ دار ہے ۔اس سلسلے میںمحمدعارف نامی شخص نے کہاکہ کارپوریشن کا خلاف درزی سیکشن جس پرغیرقانونی وناجائزتجاوزات پرروک لگانے کی ذمہ داری ہے بھی خواب غفلت میں مبتلاہے اورناجائزتجاوزات ہٹانے کی مہم محض دکھاوے اورفوٹوسیشن کے سواکچھ بھی نہیں ہے ۔اتناہی نہیں کارپوریشن کااہم شعبہ جس پر نقشوں کی جانچ پڑتال اورمنظوری کی ذمہ داری ہے بھی اپنے ذاتی مفادات کوبالاتررکھ تے ہوئے اورتمام بلڈنگ رولزکوبالائے طاق رکھ کرنقشے پاس کرتاہے ۔اورنقشہ پاس کرتے وقت اس چیزپرقطعی دھیان نہیں رکھاجاتاکہ عمارت کی تعمیرسے کہیں جوکسی دوسرے ہمسائے کے مفادات جیسے کہ ا سکے گھرکی روشنی ،پرائیویسی ،ہواکی آمد،اورتحفظ کہیںمتاثرتونہیں ہوتے ،جوکہ باعث افسوس بات ہے۔جموں شہرکے لوگوں نے ریاستی محبوبہ مفتی وزیراعلیٰ جموں کشمیرسے بھی اس سمت میں ہدایات جاری کرنے کی امیدکی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ کارپوریشن میں جن افسران نے غلط طریقوں سے پچھلے پانچ چھ سالوں میںترقیاں حاصل کی ہیں اورناجائزطریقے سے تعمیراتی نقشوں کی منظوری اورنقشوں میں بے ضابطگیاں کی ہیں،اس کی کرائم برانچ کے ذریعے سے انکوائری کرواکرایسے بددیانت آفیسران کوقانونی شکنجے میں لایاجائے تاکہ آئندہ وقت میںدوسرے آفیسران کے لیے باعث عبرت ثابت ہوں۔پرانے شہرجموں کے شہریوں نے کارپوریشن کے اعلیٰ حکام بالخصوص کمشنرومتعلقہ وزراء حضرات سے گذارش کی ہے کہ وہ جموں شہر(پرانا) کے اندرونی علاقہ جات کاازخوددورہ کرکے زمینی سطح پرحقائق سے آگاہی حاصل کریں تاکہ عام لوگوں کی جائزمشکلات کاکچھ حدتک ازالہ ہوسکے۔علاوہ ازیں لوگوں نے کہاہے کہ نائب وزیراعلیٰ جومحکمہ شہری ترقی کے وزیربھی ہیں سے توقع کی ہے کہ وہ اس سمت میں سنجیدہ اقدامات اٹھاکر جموں کے اندرونی علاقوں کے عوام کی پریشانیاں دورکریں گے اورموجودہ کمشنرمیونسپل کارپوریشن سے بھی اُمیدکی ہے کہ وہ ناجائزتجاوزات پرروک لگانے کیلئے ایک فلائنگ سکارڈ تشکیل دے کرکارپوریشن کی اس سمت میں بہترکارکردگی یقینی بنائیں اورجوشکایات آئے دن محکمہ میں منظورشدہ نقشوں میں بے ضابطگیوںاورناجائزتجاوزات کے سلسلے میں پچھلے ایک سال میں موصول ہوئی ہیں ان پرعملدرآمدکی رپورٹ متعلقہ افسران سے طلب کرکے عوام کے اعتمادکوبحال کریں۔
شیعہ فیڈریشن کی جانب سے ایرانی پیشکش کا خیر مقدم
ہندوپاک دوستی پورے خطے کے امن کی ضمانت :عاشق خان
جموں//شیعہ فیڈریشن نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی جانب سے ہندوپاک کے درمیان ثالث کاکردار ادا کرنے کی پیشکش کرنے کا خیر مقدم کیاہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ ہندوپاک کے درمیان بہترتعلقات پورے برصغیر ایشیاء کے مفاد میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی پورے خطے کے امن کی ضامن ہے اس لئے کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرکے بات چیت کاراستہ اختیار کیاجائے ۔ ان کاکہناہے کہ ہندوپاک کشیدگی سے نہ صرف اندرون ریاست بلکہ سرحدوں پر بھی ماحول کشیدہ ہے جس سے نہ صرف ترقیاتی عمل متاثر ہورہاہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا اتلاف بھی ہورہاہے ۔عاشق خان نے کہاکہ دنیا میں کچھ ممالک چاہتے ہی یہی ہیں کہ ہر ایک قوم و ملک دوسرے کے خلاف لڑتی رہے تاکہ ان کے مفادات پروان چڑھ سکیں اور ان کے ہتھیاروں کے خریداروں میں اضافہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ ایسے ممالک کے آلہ کار بننے کے بجائے ہندوپاک کو ان ملکوں کی سننی چاہئے جو امن کے حامی ہیں اور جن کی خواہش ہے کہ برصغیر ہی نہیں پوری دنیا میں امن قائم ہو۔ عاشق خان نے کہاکہ حالیہ کشیدگی پر ایران نے ہندوپاک کے درمیان ثالث کاکردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے سربراہان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرتے ہوئے جنگ و جدل کے ماحول سے باہر نکلنے کی کوشش کریں ۔انہوںنے کہاکہ سرحدوں پر ایک دوسرے کے خلاف طاقت آزمائی پر خرچ آنے والی رقم کو غریبی سے لڑنے کیلئے استعمال میں لایاجائے جس سے دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دشمنی اور کشیدگی سے کچھ حاصل نہیںہوگا اور مسائل کے حل کیلئے بالآخر بات چیت کا راستہ ہی اختیار کرناپڑے گا جس کی حقیقت ساری دنیا نے تسلیم کرلی ہے ۔ عاشق خان کاکہناتھاکہ آج بڑی سے بڑی طاقتیں بھی چھوٹے چھوٹے ممالک سے بات چیت کررہی ہیں اور جو مسئلہ مذاکرات سے حل ہوسکتاہے وہ جنگ سے نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جنگوں کا زمانہ بیت چکاہے اور موجودہ دور میں اس کی کوئی گنجائش نہیں اس لئے ایرانی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے ہندوپاک کشیدگی کو دوستی میں تبدیل کریں ۔
کالج آف ایجوکیشن میں کلین انڈیامہم اختتام پذیر
جموں // کلین انڈیا کے حوالے سے گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن جموںکے این ایس ایس یونٹ نے ایک صفائی مہم کا اہتمام کیا۔یہ مہم نیشنل سرویس سکیم آفیسر سنیتی دیوی کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا۔ اس مہم میں نیشنل سرویس سکیم کے تمام رضاکاران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیااورکالج کو صاف کیا۔اس دوران پروفیسر سنیتی دیوی نے رضاکاران سے کہا کہ ہمیں ایک ہو کر اس مہم کو کامیاب بنانا چاہئے جو ہمارے لئے ایک اہم ذمہداری ہے۔اس مہم میں پروفیسر انجوبالا، پروفیسر راج سنگھ، زبیر کیلس۔رخسانہ ، اور پروفیسر نیلم کماری نے شرکت کی۔
جموں مسلم فرنٹ کا کشمیرمیں شہری ہلاکتوں پراظہارتشویش
جموں//جموں مسلم فرنٹ نے وادی کشمیر کی موجودہ تشویش ناک صورت حال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ۔ اس سلسلے میں جاری بیان میںفرنٹ کے چیئرمین شجاع ظفر وادی میں روز بروز ہورہی اموات خاص طور پر نوجوانوں کی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ۔ ظفر نے حکومت ہند اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ آپسی تنائو کو دور کرنے کے لئے بات چیت شروع کریں کیونکہ ان دونوں ملکوں کے تنائو کی وجہ سے جموں و کشمیر کے لوگوں پر سیدھا اثر پڑتا ہے۔ فرنٹ کے صدر قاضی عمران نے اس موقعہ پر کہا کہ نفرت انگیز نعرے بازی کی وجہ سے حالات خراب ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے اس لئے اس قسم کے نعروں سے اجتناب ضروری ہے ۔ انہوں نے سماج کے سبھی طبقوں سے کہا کہ وہ ماحول کوپرامن بنائے رکھنے کے لئے نمایاں رول ادا کریں ۔ میٹنگ میں جن ممبران نے شرکت کی ان میں رشید احمد ،بشیر قریشی،محمد حسین،بشیر چودھری،شیخ سجاد،شاہد منہاس،تنویر وانی،محمد صدیق شامل ہیں۔
گیارہویں جماعت کاپرچہ بھی لیک
اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشدکااحتجاجی مظاہرہ
جموں//گیارہویں جماعت کے پرچے امتحان سے پہلے آئوٹ ہونے اور امتحان کو ملتوی کرنے کے مسلے کو لیکر اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد نے رنبیرسکول سے پریڈ چوک تک احتجاجی مارچ کیا ۔طلبأنے کلاسوں کا بائیکاٹ کرکے اس مارچ میں حصہ لیااور جموں و کشمیر سکول بورڈ آف سکول ایجوکیشن کے خلاف نعرے بلند کئے۔احتجاج کی قیادت سپریش گپتاپریڈ زون صدراور اکشیت بروپریڈ زون سیکرٹری کررہے تھے، جنہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بورڈ گذشتہ 2سال سے ان کے ساتھ یہی کھیل ، کھیل رہا ہے اور گزشتہ سال دسویں جماعت کا امتحان ملتوی کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویش کی بات ہے کہ قومی اور ریاستی سطح پر تعلیم کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے اور امتحانات سے قبل پرچوں کا آئوٹ ہونا معمول بن گیا ہے۔مقررین نے کہاکہ وزارت برائے ترقیٔ انسانی وسائل کو چاہئے کہ وہ اس جانب خصوصی توجہ مرکوز کرے اور اس نظام کو بہتر بنائے رکھنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائے۔مقررین نے سیکرٹری جے کے بوس وینا پنڈت اس آسامی سے جلد ہٹانے کا مطالبہ کیاکیونکہ پرچوں کے ائوٹ ہونے کی وہی ذمہ دار ہیں۔
۔397 عارضی ملازمین کی خدمات کی باقاعدگی کومنظوری
جموں/محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کے چودھری کی صدارت میں باقی ماندہ ڈیلی ریٹیڈ ورکروں کی ملازمت کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں بااختیار کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی اور مختلف محکموں میںکام کررہے 397 کیسوں کو منظور ی دی گئی ۔