ایم ایل سی وسابق وزیر کی گورنر سے ملاقات
سرینگر/ ایم ایل سی چرنجیت سنگھ خالصہ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ایم ایل سی خالصہ نے گورنر کو عوامی نوعیت کے کئی معاملات کے بارے میں جانکاری دی جن میں پی او جے کے کے سکھوں کے مسائل اور وادی میں ملی ٹینسی سے متاثرہ کنبوں کے مسائل بھی شامل ہیں ۔ گورنر نے ایم ایل سی کو صلاح دی کہ وہ عوامی بہبود کے کام کو جاری رکھتے ہوئے تمام طبقوں میں آپسی روا داری کے رشتوں کو مزید مستحکم کریں ۔ علاوہ ازیںسابق وزیر جگجیون لال نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ریاست کے گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی ۔ اس موقعہ پر سابق وزیر اور گورنر نے ریاست کی مجموعی ترقی اور عوامی نوعیت کے کئی معاملات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا ۔ گورنر نے جگجیون لال پر زور دیا کہ وہ عوامی مفاد کے کام جاری رکھیں ۔
مرکزی وزیرخزانہ کی صدارت میں 30ویں جی ایس ٹی کونسل میٹنگ
بی بی ویاس نے ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی
سری نگر/گورنر کے مشیر بی بی وِیاس نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی صدارت میں منعقدہ 30ویں جی ایس ٹی کونسل میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کے چودھری ، کمشنر کمرشل ٹیکسز ایم راجیو، ایڈیشنل کمرشل ٹیکسز ( ٹیکس پلاننگ) پی کے بھٹ و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے دوران جی ایس ٹی سے متعلق کئی موضوعات پر بحث ہوئی جن میں مرکزی وزارت خزانہ کی مالی صورتحال اور رِپورٹ بھی شامل تھیں۔میٹنگ میں جی ایس ٹی کی عمل آوری کے بعد ریاست جموں و کشمیر کی مالی صورتحال پر سیر حاصل بحث ہوئی۔کونسل کو بتایا گیا کہ سٹیٹ ٹیکسزیشن حکام رِپورٹ میں درج کی گئی تجاویز پر عمل کرے گی اور ریوینو میں موجود فاصلے کو کم کرنے کے لئے تمام تر کوششیں عمل میں لائی جائیں گی۔میٹنگ میں جی ایس ٹی عمل آوری کمیٹی ، آئی ٹی شکایتوں کے ازالے کی کمیٹی کی سفارشات اور جی ایس ٹی کے تحت ناجائزہ منافع خوری کو روکنے کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کی رِپورٹ پر غور و خوض کیا گیا۔کونسل میں کیرلا میں آئے ہوئے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی امداد اور باز آباد کاری کے سلسلے میں فراہم کئے جارہے اشیاء پر آئی جی ایس ٹی سے مستثنیٰ کے معاملات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔
اساتذہ کے حق میں ساتویں تنخواہ کمیشن کااطلاق
رہبرتعلیم ٹیچرس فورم پونچھ نے خیرمقدم کیا
جموں // سینئرلیڈررہبرتعلیم ٹیچرس فورم پونچھ اسحاق خیال نے ریاستی حکومت کی طرف سے ریاست کے چالیس ہزار سے زائد رہبر تعلیم اساتذہ ،ہیڈ ٹیچرس اور رمسا ماسٹروں کے حق میں ساتویں پے کمیشن کے اطلاق کے اعلان کیلئے ریاستی گورنر اوران کے مشیرخورشیدگنائی کاشکریہ اداکرتے ہوئے اساتذہ برادری کو مبارک باد پیش کی ہے – یہاں جاری ایک پریس بیان میں سینئرلیڈررہبرتعلیم ٹیچرس فورم پونچھ اسحاق خیال نے کہاکہ تمام اساتذہ ریاستی گورنر ، گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی ،چیف سیکریٹری ایجوکیشن ،ناظم تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس معاملے میں محنت اور لگن کے ساتھ کام کر کے ریاست کے ہزاروں اساتذہ اور اْن کے اہل خانہ کو ایک بڑی ذہنی پریشانی سے آزاد کیا -انہوں نے اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے حقوق کی جدوجہد کے لئے اساتذہ برادری نے جس نظم وضبط کا اظہار کر کے اپنے جائز حق کو منوا کر استاد ہونے کا ثبوت پیش کیا ہے اس کیلئے تمام اساتذہ برادری مبارک بادکی مستحق ہیں -انہوں نے اساتذہ تنظیموں اورتعاون دینے والوں کابھی شکریہ اداکیاکہ انہوں نے اساتذہ کے جائزحقوق کی خاطرجدوجہدکرکے اپنی آوازبلندکی۔
پی ایم ایس ایس ایس امتحان میں کامیاب امیدواروں کی الیومنئی میٹنگ
وومن کالج گاندھی نگرمیں 17 اکتوبرکومتوقع
سرینگر //وزیر اعظم خصوصی سکالر شپ سکیم کے تحت کامیاب اُمیدواروں کی ایک الیومنئی میٹ وومن کالج ایم اے روڈ سرینگر میں 16 اکتوبر صبح ساڑھے دس بجے اور جی سی ڈبلیو گاندھی نگر جموں میں 17 اکتوبر بعد دوپہر دو بجے منعقد کی جا رہی ہے ۔ ڈائریکٹر کالجز اور پی ایم ایس ایس ایس کے نوڈل افسر پروفیسر ظہور احمد ژاٹ نے کہا کہ اس میٹ کا مقصد متعلقہ سکیم کو مزید استحکام بخشنے کیلئے تجاویز طلب کرنی ہیں تا کہ ریاست کے مستحق طلاب کے حق میں اس وظیفے کے فوائد پہنچائے جا سکیں ۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ریاست کے طلاب پی ایم ایس ایس ایس کے تحت اے آئی سی ٹی ای نئی دہلی کی نگرانی میں ریاست سے باہر تکنیکی اور جنرل کورسوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے اس سہولیت کا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ اُن تمام طلاب کو جنہوں نے اس سکیم کے تحت اپنی ڈگریاں مکمل کی ہیں ، سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنا نام ، پتہ ، رابطہ، ای میل آئی ڈی ، کورس کا نام ، کالج اور یونیورسٹی کا نام ، نوڈل پرنسپل جی جی ایم سائینس کالج جموں اور امر سنگھ کالج سرینگر کے ویب سائیٹ پر دس اکتوبر 2018 تک رجسٹرڈ کرائیں ۔
اُردو یونیورسٹی فاصلاتی کورسز
داخلوں کی تاریخ میں 30 اکتوبر تک توسیع
حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، نظامت فاصلاتی تعلیم میں داخلوں کے لیے آن لائن فارم جمع کرنے کی تاریخ میں 30؍اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔پروفیسرپی فضل الرحمن، ڈائرکٹر انچارج، نظامت فاصلاتی تعلیم کے بموجب یہ توسیع ملک کے مختلف حصوں سے موصولہ نمائندگیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ اس سال سابقہ کورسز ایم اے (اردو،انگریزی،تاریخ)، بی اے ، بی ایس سی (لائف سائنسز)، بی ایس سی (فزیکل سائنسز) کے علاوہ 4 نئے کورسس ایم اے عربی ، ایم اے اسلامک اسٹڈیز ، ایم اے ہندی اور بی کام پروگرامسمیں داخلے دیئے جارہے ہیں۔ ایک سالہ ڈپلومہ (ٹیچ انگلش اور جرنلزم و ماس کمیونیکیشن) اور چھ ماہی سرٹی فکیٹ کورسز (اہلیت اردو بذریعہ انگریزی اور فنگشنل انگلش) میں بھی داخلے دستیاب ہیں۔ای پراسپکٹس اور آن لائن درخواست فارم یونیورسٹی ویب لنک http://manuu.ac.in/admissions/odl2018 پر موجود ہیں۔درخواست 200 روپے کے رجسٹریشن فیس کے ساتھ آن لائن داخل کرنی ہوگی۔امیدوار مزید تفصیلات کے لیے طلبہ معاون خدمات‘ ہیلپ لائن 040-23008463، 040-23006612/13/14/15 Extn: 1801 یا اوقات کار میں موبائل نمبر 6301910770 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔مزید تفصیلات www.manuu.ac.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
ڈیجیٹل انڈیاسے متعلق تربیتی پروگرام اختتام پذیر
جموں//جموں کشمیرانسٹی چیوٹ آف منیجمنٹ اینڈ پبلک ایڈمنسٹریشن (جے کے آئی ایم پی اے ) کی جانب سے محکمہ انڈسٹریز اورجموں وکشمیرپولیس کے سینئرافسران کیلئے ڈیجیٹل انڈیاسے متعلق ایک پانچ روزہ تربیتی کااہتمام کیا۔کورس ڈائریکٹرسنٹرفار گڈگورننس اینڈایڈمنسٹریٹیوریفارمس ڈاکٹرسنیتاذلپوری نے مجموعی طورپر تربیتی پروگرام کی نگرانی کررہی ہیں جبکہ دیگرفیکلٹی ممبران بشمول ڈاکٹر نینا بھلہ ایسوسی ایٹ پروفیسرجے کے آئی ایم پی اے ،لوچن داس سابق ڈائریکٹرٹریجریز ، رمن شرماجرنلسٹ وآرٹی آئی پریکٹیشنر اورماوی کپور،سٹی مشن منیجر فار اربن ڈیولپمنٹ نے شرکاء کے ساتھ ڈیجیٹل انڈیاکے مختلف پہلوئوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔اس دوران شرکاء کوجموں وکشمیرمیں ڈیجیٹل انڈیا مہم کی عمل آوری سے متعلق پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے جانکاری دی۔کورس ڈائریکٹرڈاکٹرسنتاجوبہترین انتظامیہ کی فراہمی کیلئے مختلف پروگراموں کاانعقادکرتی ہیں ،نے ڈیجیٹل انڈیاسے متعلق تفصیلی جانکاری دی۔اس دوران آن لائن آرٹی آئی درخواست rtionline.gov.inکے ذریعے دائرکرنے کے بارے میں رمن شرمانے خیالا ت کااظہارکیا۔اس دوران شرکاء نے ڈیجیٹل انڈیامہم کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں ماہرین سے استفسارکیا۔پروگرام کے اختتام پرشرکاء میں اسنادبھی تقسیم کی۔
ایس پی اوزکی تنخواہوں میں اضافہ
یوواراجپوت سبھانے ریاستی گورنرکے فیصلے کوسراہا
جموں//یوواراجپوت سبھانے ایس پی اوزکی تنخواہیں 6ہزارسے بڑھ کر12ہزارکرنے کیلئے ریاستی گورنراورڈائریکٹرجنرل آف پولیس کاشکریہ اداکرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کومبارکبادپیش کی ہے۔یہاں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوواراجپوت سبھاکے عہدیدارسریندرگل نے کہاکہ ایس پی اوزکی تنخواہیں بڑھانے کافیصلہ خوش آئندہے اوراس سے ایس پی اوزکے حوصلے بلندہوں گے۔گل نے کہاکہ جہاں پرائیویٹ طورپرکام کرنے والاورکرروزانہ 4سواور5سوروپے حاصل کررہاتھاوہیں ایس پی اوزکوچوبیس سوگھنٹے ڈیوٹی دینے کے باوجود صرف چھ ہزارروپے تنخواہ دی جاتی تھی جوکہ ان کے ساتھ ناانصافی تھے۔انہوں نے ریاستی گورنراورڈی جی پی سے اپیل کی کہ ایس پی اوزکی تنخواہ 12ہزارروپے سے بڑھاکر 20ہزارکی جائے۔
اویس احمد نے دیہی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
شوپیاں ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیاں ڈاکٹر اویس احمد نے ضلع شوپیاں میں دیہی ترقی محکمے کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے 14 ایف سی کے تحت ہاتھ میں لئے گئے مختلف کاموں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ایم جی نریگا ، پی ایم اے وائی ، ایس بی ایم جیسی تمام دیہی ترقیاتی کاموں کو وقت پر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے 2 اکتوبر 2018 سے سب کی یوجنا سب کا وکاس کے تحت ہر پنچائت حلقے میں گرام سبھا منعقد کرنے پر زور دیا ۔ اس موقعہ پر اے ڈی ڈی سی شوپیاں ، اے ڈی سی شوپیاں ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ، اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ ، ڈسٹرکٹ پنچائت افسر اور وی ڈی اوز بھی موجود تھے ۔