انتخابی مشنری اوربی جے پی امیدواروں کی نزدیکیاں انتخابی عمل کامذاق:بھیم سنگھ
غیرجانبدارانہ انتخابات یقینی کیلئے الیکشن کمیشن سے پنتھرس پارٹی کی مداخلت کی اپیل
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے کشمیر میں 8اکتوبر کوہونے والے مقامی بلدیاتی اداروں اور میونسپل انتخابات غیرجانبدارانہ اور منصفانہ بنانے کے لئے ہندستانی الیکشن کمیشن سے مداخلت کی اپیل کی ہے چونکہ انتخابی مشنری /افسران اپنے فرائض ادا کرنے میں پوری طرح ناکام ہیں اور بی جے پی کے امیدواروں کی ہرممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے کشمیری عوام کے درمیان غلط پیغام جارہا ہے کہ بی جے پی اور انتخابی مشنری نے ہاتھ ملاتے ہوئے انتخابی عمل کا مذاق بنا دیا ہے۔پنتھرس سربراہ نے الیکشن کمیشن کو لکھے ایک خط میں کہا کہ کئی وارڈو ں میں نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن یا تو کوئی امیدوار تھا ہی نہیں اور اگر تھا تو صرف ایک۔ لیکن یہ حیرات کی بات ہے کہ بی جے پی ، نیشنل کانفرنس کے پراکسی امیدوار اور پی ڈی پی کے امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرنے میں کامیاب رہے ۔ یہ جمہوریت کا قتل ہے۔ گاندر بل تحصیل لار اورپٹن میں پنتھرس پارٹی کے امیدواروں کو رائے دہندگان کی سرٹی فائیڈ لسٹ سے بھی محروم رکھا گیا تاکہ انہیں الیکشن لڑنے سے روکا جاسکے۔پنتھرس پارٹی کے سربراہ پروفیسر بھیم سنگھ نے الیکشن کمیشن آف انڈیا پر زور دیا کہ ان مقامات اور دیگر جگہوں پر میونسپل کارپوریشن کے تمام رٹرننگ افسران کو ہٹایا جائے جو بی جے پی کے حق میں انتخابی عمل کو متاثر کررہے ہیں اور جس سے کشمیر کے لوگوں میں غلط پیغام جارہا ہے۔ انہوں نے اپنے خط میں الیکشن کمیشن کو بتایاکہ جموں وکشمیر کے گورنر کی ہدایت کے باوجود پنتھرس پارٹی کے امیدواروں کو سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ کشمیر کے انتخابی عمل کو باطل اور انتخابی ضابطوں کے مطابق نہ ہونا قرار دیا جائے۔
غلام محمدسروڑی اوررمیش اروڑہ گورنر سے ملاقی
سرینگر//ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروری نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہیں مبارک باد دی۔جی ایم سروری نے گورنر کو اپنے حلقے کی ترقیاتی ضروریات بالخصوص صحت، تعلیم، بجلی اور پی ایچ ای سیکٹروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر نے ایم ایل اے موصوف پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقہ کے لوگوں کی بہبودی کے اقدامات جاری رکھیں اور عوام میں جمہوری اداروں کی افادیت کے حوالے سے بیداری پیدا کریں۔علاوہ ازیںایم ایل سی رومیش اروڑہ نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہیں مبارک باد دی۔انہوں نے گورنر کو جموں خطے کے لوگوں کو درپیش معاملات اور خطے کی ترقیات سے جڑے امور کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر اور ایم ایل سی نے جمہوری اداروں کو بنیادی سطح پر فعال بنانے اور اس سے عوام کو ملنے والے فائدے سے جڑے معاملات کو بھی زیر بحث لایا۔وائس چئیرمین جے اینڈ کے انسٹی چیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ( امپا) نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے گورنر کو انسٹی چیوٹ کی سرگرمیوں اور مختلف پروگراموں کے بارے میں جانکاری دی جو یہ ادارہ سرکاری محکموں اوراداروں کے افراد کے ہُنروں میں اضافہ کرنے کے لئے عملاتا ہے۔ انہوں نے امپا کے بنیادی ڈھانچے اور انتظامی امور کو بھی زیر بحث لایا۔گورنر نے کہا کہ انتظامیہ کے مختلف پہلوؤں کو نبھانے کے لئے معیاری افرادی قوت تیار کرنے میں ادارہ ایک کلیدی رول ادا کرسکتا ہے۔
ایس اے ایس قادری کے انتقال پرگورنرکااظہار دُکھ
سرینگر // گورنر ستیہ پال ملک نے سابق بیوروکریٹ ایس اے ایس قادری کے انتقال پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔مرحوم نے1968 سے1971 تک کشمیر کے ڈویثرنل کمشنر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دیئے۔اپنے ایک تعزیتی پیغام میں گورنر نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔
کُراش اِنٹرنیشنل چمیپئن شپ
جموں وکشمیر بینک کا ملازم ٹیم اِنڈیا کا کوچ منتخب
جموں/ ایک معروف کھلاڑی سنجیو گپتا جو جموں وکشمیر بینک میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں کو بُوسن بیچ کُراش اِنٹرنیشنل چمپئن شِپ کے لئے ٹیم اِنڈیا کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔یہ چمپئن شپ 4؍اکتوبر سے 7؍اکتوبر 2018ء تک جنوبی کوریا کے شہر بُوسن میں منعقد ہوگی۔سنجیو گپتا نے اپنے کھیل کیئر یر کے دوران ریاستی ، قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعدد میڈل حاصل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔جموں وکشمیر بینک کے ملازمین نے سنجیو گپتا کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
کنفیڈریشن کاسول سیکرٹریٹ گھیرائوکیلئے عوام کوبیدارکرنے کااعلان
6 نومبرتک 1ہزاربھیم بھارتائوں کے انعقادکاہدف طے کیا
جموں//ایس سی /ایس ٹی /اوبی سی کنفیڈریشن کے ریاستی صدر آرکے کلسوترہ نے اعلان کیاہے کہ 6نومبر سے پہلے ریاست بھرمیں سول سیکرٹریٹ گھیرائوکے سلسلے میں لوگوں کوبیدارکرنے کیلئے 1000بھیم بھارتائوں کے انعقادکیاجائے گا۔یہ اعلان بن ،سلطان میراں صاحب میں سوم لال (سومی ) کی رہائش گاہ پرگذشتہ روزمنعقدہ ایک وارتاکے دوران کیا۔اس موقعہ پر کنفیڈریشن کے صدر آرکے کلسوترہ کے ہمراہ تحصیل صدر درشن بنوترہ نے بھیم واردتاکی صدارت کی جس میں مردوں،عورتوںاورنوجوانوں نے شرکت کی۔بموترہ نے بتایاکہ کنفیڈریشن 1997سے پرموشن میں سٹیپ اپ ریزرویشن کی بحالی ،ریزرویشن ایکٹ 2004، ایس آراو 294 میں ترمیم، انٹرڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ فارایس سی ،نئی ریکروٹمنٹ پالیسی کی بحالی وغیرہ کیلئے جدوجہدکررہی ہے۔کلسوترہ نے کہاکہ کنفیڈریشن ریزروڈکیٹاگریزکے لوگوں کوریزرویشن کی عمل آوری کے سلسلے میں ’چائے پربھیم وارتا‘کاانعقادکرکے بیدارکرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ہرکونے سے حمایت حاصل ہورہی ہے اورہرطرف سے کانشی رام کانعرہ لگ رہاہے کہ ’نکلواپنے مکانوں سے،جنگ لڑوبے ایمانوسے ‘ ۔انہوں نے کہاکہ کنفیڈریشن نے ریاستی گورنر کوہماری مانگوں پرمبنی میمورنڈم میں درج مطالبات کوپوراکرنے کیلئے 6 نومبرتک کی مہلت دی ہے اوراگرایسانہیں کیاگیاتو 6 نومبرکوسول سیکریٹریٹ گھیرائوکیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کنفیڈریشن کی ٹیم گائوں گائوں ،گلی گلی جاکرلوگوں کواپنے حقوق کیلئے بیدارکررہی ہے۔بن ،سلطان میراں صاحب میںبھاری تعدادمیں لوگوں نے کنفیڈریشن کے ایجنڈے کوسنااوراس کی ستائش کی۔اس موقعہ پردوخواتین رضاکارانہ طورپرکنفیڈریشن کیلئے کام کرنے کے سلسلے میں آگے آئیں۔اس موقعہ پرلیکچررراجیش کمارنے گائوں کے لوگوں بالخصوص سوم لال کاشکریہ اداکیا۔
بلدیاتی امیدواروں پرجموں کی ہیئت کوتبدیل کرنے کی شکایت
جے سی سی آئی نے چیف ایجوکیشن افسرکوخط لکھ کرکاروائی کرنے کامطالبہ
وویک ماتھر
جموں//جموں چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریز جومختلف تجارتی تنظیموں کامجموعہ ہے نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے کچھ اُمیدواروں کوجموں کی ہیت بدلنے کیلئے ہدف تنقیدبنایاہے۔اس سلسلے میں تجارتی انجمن نے ایک خط چیف الیکٹورل افسرشالین کابرا کولکھاہے اورایسے امیدواروں کیخلاف کاروائی کی مانگ کی ہے۔شکایت میں لکھاگیاہے کہ ہمیں لوگوں کی طرف سے شکایت ملی ہے کہ کچھ امیدوار جوبلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں پورے جموں کی ہیئت نہ صرف دیواروں اورنجی گھروں کے گیٹوں پربلکہ سرکاری املاک پربھی پوسٹرچپکاکرخراب کررہے ہیں ۔انہوں نے امیدواروں کی سا لمیت پرسوال کھڑاکیاہے ۔جے سی سی آئی نے یہ بھی کہاہے کہ ہم یہ سمجھنے سے قاصرہیں کہ کیسے یہ لوگ جموں شہرکے چہرے کواپنے مہم کیلئے استعمال کرکے خراب کررہے ہیں جبکہ جموں کوصاف ستھرارکھناجیت کے بعدان کاوعدہ ہے۔جموں چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹریز نے سی ای اوسے قصوروارامیدواروں کے خلاف کاروائی کامطالبہ کیاہے۔
ضلع انتظامیہ کی انہدامی کاروائی بیہمانہ:صاف ستھرامومنٹ
جموں//جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ نے محکمہ جے ڈی اے پرمسلم بستیوں کومنصوبہ بندسازش کے تحت تجاوزات ہٹانے کی مہم کیلئے منتخب کرنے پرمذمت کی ہے۔ یہاں جاری پریس بیان میں جموں کشمیرصاف ستھرامومنٹ کے ریاستی صدر شوکت چوہدری نے کہاکہ جے ڈی اے کی طرف سے دوارکاتوی ہرکی پوڑی میں گوجربکروال کنبوں جوگذشتہ پچاس ساٹھ برسوں سے یہاں کاہچرائی زمین پررہ رہے ہیں کے کچے وپکے مکانوں کوتوڑدیناکہاں کاانصاف ہے؟ ۔انہوں نے کہاکہ غریب لوگوں کوعتاب کاشکاربناکرضلع انتظامیہ اورجے ڈی اے حکام مسلم دشمنی کاثبوت دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گورکھانگر،وزیرنگرقاسم نگرجہاں پرنہ صرف مقامی بلکہ غیرریاستی لوگوں نے سرکاری اراضی پرقبضہ کررکھاہے میں کیوں تجاوزات مخالف مہم نہیں چلائی جاتی ۔انہوں نے کہاکہ صبح چاربجے کون سی مہم چلائی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ صبح چاربجے جب لوگ سوئے تھے ،محکمہ جے ڈی اے مشینیں اورپولیس کوساتھ لے کرگوجربکروال لوگوں کے مکانات کومنہدم کرنے کیلئے ٹوٹ پڑااورآنا ً فاناً میں 35پکے مکانات سمیت 80 ڈھانچے منہدم کردیئے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ اورجے ڈی اے کادعویٰ ہے کہ یہ لوگ جے ڈی اے زمین پربیٹھے ہوئے تھے لیکن حقیقت میں یہ زمین جے ڈی اے کی نہیں ہے بلکہ کاہچرائی زمین ہے۔انہوں نے کہاکہ کاہچرائی اراضی پرخانہ بدوش قبائلی طبقہ کے لوگ عرصہ درازسے رہ رہے ہیں اوراب اچانک انہیں بے سروسامان کردیاہے جوکہ انتظامیہ کے مظالم کاثبوت ہے۔شوکت چوہدری نے ریاستی گورنرستیہ پال ملک سے مطالبہ کیاکہ مسلم بستیوں مخالف انہدامی مہم کے سلسلے کوترک کرکے ان کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
بزرگوں کے حقوق کا تحفظ
ادہم پورمیں سماجی بہبودکے زیراہتمام تقریب
ادہم پور//محکمہ سوشل ویلفیئر نے بزرگ شہریوں کے ہفتے کی تقریبات کے سلسلے میں مختلف پروگراموں کاانعقاد کیا۔ادہم پورمیں ایک تقریب کاانعقاد ضلع سوشل ویلفیئرافسرثناخان کی نگرانی میں منعقدہوا۔بیداری پروگرام لٹل اینل ونڈرلینڈہائی اسکول میں منعقدہواجس میں بزرگوں کے حقوق کے تحفظ کے بارے میں شرکاء کوجانکاری دی گئی۔اس دوران تقریب میں کلکٹرلینڈناردرن ریلویزادہم پور ڈاکٹرانیرودھ رائے نے بچوں سے کہاکہ وہ اپنے بزرگوں کی دیکھ ریکھ اچھے ڈھنگ سے کہیں اوران کے ساتھ اچھے سلوک کے ساتھ پیش آئیں۔انہوں نے نوجوان نسل کابزرگوں کی دیکھ ریکھ میں رول کی ستائش کی۔اس سے قبل ایک تقریب اولڈایج ہوم میں منعقدہوئی جس میں بزرگشہریوں کی صحت کاخیال رکھنے کی شرکاء کوتلقین کی گئی۔
سرحدی عوام کے تحفظ کیلئے مربوط پالیسی تشکیل دینے کامطالبہ
جموں//نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین نے پونچھ ضلع کے مینڈھرعلاقے میں ہندپاک سرحدپرپاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔یہاں جاری پریس بیان میں نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین کے صوبائی صدرافتخارچوہدری نے پاکستان کوایک ڈرپوک ملک قراردیا۔انہوں نے سرحدی گولہ باری میں آئے روزمتعددافرادہلاک ہوتے ہیں۔انہوںنے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کی بازآبادکاری کیلئے مربوط وٹھوس پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ آئندہ سرحدی گولہ باری کے نتیجے میں انسانی جانوں کازیاں نہ ہو۔انہوں نے کہاکہ راجوری پونچھ کے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ ہندوستان کے تحفظ کیلئے سب سے پہلے کھڑے رہتے ہیں اورملک کے تئیں اپنی ذمہ داری کوبخوبی انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے بی ایس ایف اور مرکزی حکومت سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کے تحفظ کویقینی بنانے پرزوردیا۔انہوں نے عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی سرحدی عوام کی حفاظت کیلئے آگے آئیں۔انہوں نے سرحدی لوگوں کوراشن ،تعلیم ودیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے موثرانتظامات کرنے کی بھی وکالت کی۔