جموں/مرکزی کابینہ سیکرٹری پردیپ کمار سنہا نے مختلف ریاستوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سوچھ بھارت مشن گرامین کی پیش رفت کا جائز ہ لیا۔پینے کے پانی اور صفائی کی مرکزی وزارت کے سیکرٹری پرنیشورن ائیر بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے بھی اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی اور مرکزی کابینہ سیکرٹری کو جانکاری دی کہ 13؍ مارچ2018ء کو وزیر اعظم کی طرف سے ایک میٹنگ کے دوران جاری کی گئی ہدایات کے تناظر میں ریاست جموں وکشمیر نے اہداف کی حصولیابی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت حاصل کی اور ا س عمل میںسرعت لائیں ۔وزیر اعظم کی صدارت میں اس میٹنگ کے دوران 10؍اپریل 2018ء تک چار ریاستوں کو 36لاکھ بیت الخلاء تعمیر کرانے کا نشانہ دیا گیا تھا ۔ ان میں یوپی اور بہار کے لئے 15 لاکھ ، اڑیسہ کے لئے 5لاکھ اور جموں وکشمیر کے لئے ایک لاکھ بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا۔مرکزی سیکرٹری نے اس موقعہ پر جانکاری دی کہ جموںوکشمیر نے پچھلے دوایک ہفتوں کے دوران 1.22 لاکھ بیت الخلاء تعمیر کئے ہیں اور اس نے 13؍ مارچ سے 10؍ اپریل 2018ء تک ایک لاکھ بیت الخلاء تعمیر کرنے کا نشانہ پہلے ہی حاصل کیا ہے ۔چیف سیکرٹری نے جانکاری دی کہ جموں وکشمیر نے انفرادی بیت الخلاء تعمیر کرنے کے حوالے سے 60فیصد اہداف حاصل کئے ہیں جبکہ اثاثوں کی جیو ٹیگنگ کا 72فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ریاست میں باقی ماندہ 5.6لاکھ بیت الخلاء تعمیر کرنے کے لئے جامع کوششیں جاری ہے جس کیلئے ماہانہ کی بنیادوں پر ہرایک ضعل کے لئے نقش راہ تیار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کابینہ سیکرٹری کو یقین دلایا کہ مقرر کئے گئے اہداف کو وقت پر حاصل کیا جائے گا۔