سرینگر// علاقائی پاسپورٹ آفس نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتیکی پاسپورٹ کیلئے دائر درخواست پولیس کی’منفی تصدیقی رپورٹ‘ کی بنیاد پر مسترد کردی ہے۔پی ڈی پی صدر نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے اْنہیںملک کیلئے خطرہ قرار دیکر پاسپوررٹ فراہم کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔ محبوبہ مفتی کو لکھے گئے ایک خط میں ،ریجنل پاسپورٹ افسر نے آگاہ کیا ہے کہ ان(محبوبہ مفتی) کے ہندوستانی پاسپورٹ کیلئے حاصل کرنے سے متعلق دائر درخواست مسترد کردی گئی ہے کیونکہ سی آئی ڈی نے پاسپورٹ دینے کے خلاف سفارش کی تھی۔ مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ محبوبہ مفتی وزارت خارجہ امورکے فراہم کردہ ایک اعلی فورم میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتی ہیں۔ درخواست مسترد کرنے پر محبوبہ مفتی نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اْنہیں ملک کے لئے خطرہ قرار دے کر پاسپوررٹ فراہم کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے سماجی رابط گاہ ٹویٹر پر پاسپورٹ آفس سری نگر کاخطہ بھی پوسٹ کیاہے ،جس میں ان سے پاسپورٹ کی عدم فراہمی کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال نارمل ہونے کی سطح یہ ہے کہ ایک سابق وزیر اعلیٰ پاسپورٹ رکھنے سے ایک طاقتور ملک کی سالمیت کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں کہاکہ پاسپورٹ دفتر نے مجھے سی آئی ڈی کی اس رپورٹ کی بنیاد پر پاسپورٹ فراہم کرنے سے انکار کیا ہے کہ وہ (محبوبہ مفتی)ملک کی سیکورٹی کیلئے ضرر رساں ہوگی۔انہوں نے آگے لکھاہے کہ یہ کشمیر میں اگست2019 سے صورتحال میں آنے والی بہتری کی سطح ہے۔