سری نگر// پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مرکزی حکومت کے ان دعو¶ں کو جھوٹ سے تعبیر کیا ہے جن میں کہا جا رہا ہے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو یکساں حقوق مل رہے ہیں۔انہوں نے کہا حقیقت یہ ہے کہ ان کے بنیادی حقوق کو بھی بڑے پیمانے پر سلب کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کے بجائے تواتر کے ساتھ ان کو تذلیل کرنے کی پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں۔موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔ان کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا تھا، ”حکومت ہند کے یہ مشکوک دعوے کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو یکساں حقوق مل رہے ہیں، ننگا جھوٹ ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ ان کے بنیادی حقوق کو بھی سلب کیا جا رہا ہے“۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی لوگوں کے جذبات کو ختم کرنے کے لئے خوف و دہشت پیدا کرنے کی مہم جوئی بے نتیجہ ثابت ہوگی۔انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا،” حکومت کی لوگوں کے جذبات کو ختم کرنے کے لئے خوف و دہشت پیدا کرنے کی مہم جوئی بے نتیجہ ثابت ہوگی کیونکہ جذبات ہوا میں بوجھل نہیں ہوتے ہیں اور دغا بازی، محکومی اور غصے کے احساسات جذب ہوکر نسل در نسل منتقل ہوجاتے ہیں“۔ان کا ایک اور ٹویٹ میں کہنا تھا،”رابطہ قائم کرنے کے بجائے جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ تواتر کے ساتھ اُنہیں توہین کرنے کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے ۔ ان سخت اقدام سے لوگوں میں غم و غصے کا احساس مزید سنگین رخ اختیار کرتا ہے“۔