منڈی//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں نیڑیاں میں پونچھ برگیڈ کے تحت آنے والی 40آر آر فوج کی جانب سے ایک عوامی میلے کا انعقاد کیا گیا تھا جس کا افتتاح پونچھ برگیڈ کے ڈپٹی کمانڈرنے کیا۔ اس موقعہ پر تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں کی عوام نے میلے میں شرکت کی جبکہ فوج کی جانب سے میلے میں عوام کےلئے میڈیکل کیمپ،مویشیوں کےلئے طبی کیمپ کے علاوہ حکومت کی جانب سے عوامی فلاح بہبود کےلئے چلائی جارہی سکیموں کے سلسلہ میں بھی عوام کو جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعہ پر ساوجیاں کے متعدد سکولی بچوں کی طرف سے رنگا رنگ تمدنی پروگرام بھی پیش کئے گئے ۔میڈیکل کیمپ کے دوران علاقہ کے تین سو سے زائد مریضوںکو طبی سہولیات بھی فراہم کی گئیں ۔عوام نے فوج کی اس کوشش کی بڑی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ساوجیاں کی عوام کےلئے فوج ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو ہر وقت یہاں کی عوام کا خیال رکھتی ہے ۔سرپنچ گگڑیاں بشیر میر نے کہا کہ ساوجیاں ضلع پونچھ کا سرحدی علاقہ ہے جہاں پر فوج نے اس طرح کے پروگرام کا انعقاد کر کے عوام اور فوج میں مزید نزدیکیاں لائی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس میلے میں فوج نے عوام کےلئے ہر طرح کا انتظام کیا ہوا تھا جس میں یہاں کی غریب عوام کےلئے ایک بہترین میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا ہوا تھا اور عوام کے ساتھ ساتھ جانوروں کا بھی طبی معائنہ کیا اور مفت ادویا بھی عوام کے لئے دستیاب رکھیں گیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے وقت میں بھی فوج یہاں کی عوام کےلئے ایسے پروگراموں کا اہتمام کریں گے۔