سرینگر//وادی بھر میں شب برات کی تقریبات انتہائی عقیدت و احترام اورتزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیںتاہم گزشتہ سال کے برعکس اس بار مقامی مساجد میں جہاں شب خوانی کی تقاریب ہوئیں،وہیں جامع مسجد سرینگر میں مسلسل دوسرے برس بھی شب خوانی کی تقریب نہیںہوئی۔ کرونا لہر میں غیر معمولی شدت کے بیچ وادی میں شب برات کے موقع پر بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہوئے تاہم مقامی مساجد میں تزک و احتشام کے ساتھ شب خوانی کی تقاریب ہوئیں۔ فرزندان توحید نے شب خوانی کی اور بارگاہ الٰہی میںسربسجو د ہو کر اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی ۔ درگاہ حضرت بل،جناب صاحب صورہ،آثار شریف کلاشپورہ،آستان عالیہ حضرت مخدوم صاحبؒ، بقعہ عالیہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ خانیار و سرائے بالا،حضرت سید یعقوب صاحبؒ سونہ وار سمیت دیگر آستانوں اور مساجد میں مقامی طور پر شب خوانی کی گئی ۔ جامع مسجد سرینگر میں تاہم مسلسل دوسری برس بھی شب خوانی نہیں ہوئی۔مقامی مساجد میں مقررین نے شب برات کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ قران کو مشعل راہ بنا کر ہی مسلمان فتح و نصرت سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔مقامی مساجد میں درود و اذکار اور ختمات المعظمات سے فضا گونجتی رہی۔ جنوبی اور شمالی کشمیر کی مساجد اور خانقاہوں میں شب برات کی مقدس اور بابرکت تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران فرزندان توحید نے شب خوانی کرکے اپنے گناہوں کی مغفرت مانگی جبکہ رات بھر پوری فضاء درود واذکار سے گونجتی رہی ۔ اس دوران لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے گھروں میں ہی شب خوانی کو ترجیج دی۔