عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو جموں کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال پر ایک جائزہ میٹنگ کی۔ چیف سکریٹری، اٹل ڈلو، ڈی جی پی، نلین پربھات، دیگر سینئر افسران اور تمام ڈی سی اور ایس ایس پیز نے میٹنگ میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ امن ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے اور انہوں نے تمام برادریوں سے اسے برقرار رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے امن و امان کے تحفظ میں جموں و کشمیر پولیس، سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کے غیر متزلزل، مربوط عزم کی بھی تعریف کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، “میں تمام برادریوں سے اس گھڑی میں پرسکون اور متحد رہنے کی اپیل کرتا ہوں۔ میں ہماری پولیس، سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے غیر متزلزل، ہم آہنگ عزم کو سلام کرتا ہوں۔”انہوں نے کہا کہ حکومت مغربی ایشیا کی صورت حال پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ سینئر افسران جموں و کشمیر کے رہائشیوں اور طلبا کی حفاظت اور بہبود کے لیے وزارت خارجہ کے ساتھ رابطہ کر رہے ہیں۔