سرینگر//جموںو کشمیر سپورٹس کونسل کی سیکریٹری نزہت گل نے واٹر سپورٹس سینٹر نہرو پارک ڈل جھیل کا دورہ کیا ۔انہوںنے ایک ماہ تک جاری رہنے والے طویل قومی کوچنگ کیمپ میں شرکاء کو فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا۔پٹایا تھائی لینڈمیں منعقد ہونے والے ایشین اولمپک سے پہلے نہرو پارک جھیل ڈل میں(Kayaking & Canoeing) قومی کوچنگ کیمپ جاری ہے جو ایک ماہ تک ہوگا۔ بھارت سرکار نے نہرو پارک ڈل جھیل میں نئے تعمیر کئے گئے ڈھانچے میں بہتر سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پر کیمپ کو جموں وکشمیر واٹر سپورٹس سینٹر کو الاٹ کیا ہے۔ دورے کے دوران سیکریٹری سپورٹس کونسل نے شرکاء سے بات کی اور انہیں ٹیم کٹ اور ٹریک سوٹ تقسیم کئے۔ اس موقعہ پر بولتے ہوئے نزہت گل نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ جموں وکشمیر کے سفیر بنے اورملک بھر میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں سے مثبت رویہ پیش کرے۔ انہوںنے شرکاء کو مطلع کیا کہ واٹر سپورٹس سینٹر مزید سہولیات کچھ وقت میں بہم رکھے گی تاکہ دنیا بھر میں بین الاقوامی سطح پر فراہم ہونے والی سہولیات کے برابر ہو۔ ملک کی مختلف ریاستوں اور یوٹی سے وابستہ 24کھلاڑی کوچ پیوش اور نازش کی نگرانی میں کیمپ میں حصہ لے رہے ہیں ۔جموں وکشمیر واٹر سپورٹس سینٹر کی سربراہ بلقیس میر، جو خواتین کیلئے قومی چیف کوچ بھی ہیں، کو کھلاڑیوں کی رہائش، سیکورٹی، طبی نگہداشت اور دیگر سہولیات کی فراہمی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ منی پور سے تعلق رکھنے والی سوشیلا چنو نے کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کی تعریف کی اور اس بات کی خواہش کااظہار کیا کہ مستقبل میںجموںوکشمیر واٹر سپورٹس سینٹر کو زیادہ سے زیادہ کیمپ دیئے جائیں۔ بھوپال مدھیہ پردیش کے ایک اور کھلاڑی نوچا سنگھ ،جو پہلی بار کشمیر آئے ہیں،نے کہاکہ وہ کشمیر کی خوبصورتی اور کیمپ میں دی جارہی سہولیات سے مطمئن ہیں۔ نزہت گل کے ساتھ جموںوکمشیر سپورٹس کونسل کے چیف اکائونٹس ڈاکٹر ظفر اقبال ، نزہت آرا ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر (کشمیر) اور دیگر افسران موجود تھے۔