راجوری //جمعہ کو راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن ہیڈکوارٹر میں پہاڑی قبائل کا ایک روزہ کنونشن منعقد ہوا۔اس کنونشن میں پہاڑی قبائل کے کئی نامور رہنما اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے درج فہرست قبائل کا درجہ دینے کے ان کے مطالبے پر غور کیا اور کہا کہ بدقسمتی سے کئی دہائیوں سے ان کے حقیقی مطالبے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور پہاڑی قبیلہ ابھی تک ایس ٹی کا درجہ حاصل کرنے کےلئے جدو جہد کررہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی نسل ایک قبیلہ ہے اور سرحدی علاقے کے پہاڑی، دشوار گزار علاقوں میں رہتی ہے اور ہر سال موسمی ہجرت کا حصہ بھی ہوتی ہے جبکہ شیڈول ٹرائب کا درجہ دینے کے لیے تمام شرائط پوری کرتی ہے۔مقررین نے حالیہ دنوں میں حکومت ہند کی طرف سے ظاہر کی گئی تشویش کی تعریف کی جو واضح طور پر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پہاڑی کو شیڈول ٹرائب کا درجہ حاصل کرنے کا ان کا بنیادی حق ملنے والا ہے۔مقررین نے حکومت ہند سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑیوں کی فلاح و بہبود کےلئے ان کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔پروگرام کا انعقاد پریتم سنگھ نے بی جے پی لیڈر دنیش شرما کے ساتھ کیا جس میں سابقہ قانون ساز وبودھ گپتا، ڈی ڈی سی ممبر درہال اقبال ملک،احسان مرزا، ڈی ڈی سی ممبر سندربنی کے علاوہ کئی دیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔