جموں//24 ممالک کے غیر ملکی سفیروں کا وفد 5 اگست ، 2019 کے بعد زمینی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جموں و کشمیر کے اپنے دو روزہ دورے کے اختتامی دن جموں میں کئی ملاقاتوں کے بعد دہلی واپس چلا گیا۔سری نگر سے جموں ہوائی اڈہ پر ان کے پہنچنے کے فورا بعد ، عہدیداروں نے بتایا ، وہ جانی پور گئے جہاں انہوں نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پنکج متل سے ملاقات کی اور اس کے بعد وہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملنے راج بھون گئے۔تفصیلی ملاقات کے بعد ، لیفٹیننٹ گورنر نے راج بھون میں ان کے لئے ظہرانے کا اہتمام کیا۔بعد ازاں ، وہ جموں ضلع کے ڈوگرہ چوک کے قریب رمڈا ہوٹل گئے جہاں انہوں نے چیف سیکریٹری ، جموں و کشمیر ، بی وی آرسبرامنیم کی سربراہی میں جموں و کشمیر انتظامیہ سے ایک مختصر ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران ، عہدیدار نے بتایا ، سفیروں کو ترقیاتی منصوبوں ، ضلعی ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات اور جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات دی گئیں۔جموں میونسپل کارپوریشن میئر چندر موہن گپتا ، سول سوسائٹی ممبران ،منتخب ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسلز (ڈی ڈی سی) ، بلاک ڈویلپمنٹ کونسلز (بی ڈی سی) ، خواتین سرپنچوں سمیت 26 سے زائد افراد کے وفد نے ہوٹل رمڈا میں سفیروں سے ملاقات کی۔مغربی پاکستانی مہاجرین (ڈبلیو آر پی) ، والمکیز ، شیڈول کاسٹ، شیڈول ٹرائب وفود کیساتھ بھی ملاقاتیں کی گئیں۔ریاستی نائب صدر مغربی پاکستانی مہاجر ایکشن کمیٹی ، 1947 ، کھور سے سکھ دیو سنگھ کے ساتھ ، آر ایس پورہ سے تعلق رکھنے والے سردار جسونت سنگھ نے بھی سفیروں سے ڈیپوٹیشن کے ایک حصے کے طور پر ملاقات کی۔