سرنکوٹ// بلاک ڈیولپمنٹ دفتر کے بالکل قریب سرنکوٹ قصبہ کے مکینوں نے سڑک کو بند کر کے محکمہ جل شکتی کے خلاف زور دار احتجاج کیا جس کے نتیجہ میںدونوں طرف سے ٹریفک نظام بھی مفلوج ہو گیا۔ قصبہ سرنکوٹ میں محکمہ جل شکتی کی خلاف احتجاجی مظاہرین نے ضلع انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ و محکمہ جل شکتی کے شدید نعرے بازی کی۔مظاہرین نے محکمہ جل شکتی کے مکینیکل آفیسروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ حکام کی عدم توجہی کی وجہ سے ہر دوسرے دن موٹر خراب ہوتی ہے۔انہوںنے کہا کہ سات میں سے اس وقت صرف دو ہی موٹریں کام کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے تین ماہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور پانی کی ہا ہا کار مچی ہوئی ہے لیکن سن کر کوئی راضی نہیں۔ کئی گھنٹے تک چلنے والے احتجاج میں کوئی آفیسر نہیں پہنچا لیکن جب مظاہرین نے دوبارہ بلند آواز میں نعرے شروع کیے تو اس کے بعد تحصیلدار سرنکوٹ شیراز احمد چوہان اور نایب تحصیلدار معروف خان موقع پر پہنچے اور لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ جلدی ہی پانی کی سپلائی کو بحال کیا جائے گا۔ تحصیلدار سرنکوٹ کی یقین دہانی پر لوگوں نے احتجاج ختم کیا۔ اس موقع پر محکمہ جل شکتی نے بتایا کہ پچھلے ہفتے بھی ایس ڈی ایم سرنکوٹ کو اس بارے میں آگاہ کیا گیا تھا کہ سبھی موٹریں خراب ہیں جس کی وجہ سے پانی سپلائی بحال کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے لیکن انہوں نے اس پر خاص توجہ نہیں دی۔