مینڈھر //مینڈھر کے سرحدی علاقوں میں لگ بھگ سبھی لفٹ سکیمیں بند ہونے و ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے باڈر سیکورٹی فورسز نے بھی گاڑیوں کے ذریعہ لوگوں کیلئے پانی سپلائی شروع کر دی ہے ۔اس سے قبل کئی سرحدی علاقوں میں فوج کی جانب سے لوگوں کو گاڑیوں کے ذریعہ پانی سپلائی کیاجارہا ہے ۔بی ایس ایف کی اچھاد علاقہ میں قائم کردہ بٹالین نے مذکورہ علاقہ میں پانی کی سپلائی بند ہونے کے بعد اب گاڑیوں کے ذریعہ ہے پانی لا کر گھروں تک پہنچانے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں کئی ایک واٹر سپلائی سکیمیں برسوں سے بند پڑی ہوئی ہیں لیکن محکمہ کو آگاہ کرنے کے باوجود بھی سکیموں کو فعال بنانے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ منکوٹ تحصیل کے سرحدی علاقوں میں ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں جبکہ محکمہ کی مشینری میں آئی خرابی کو دور کرنے میں بھی ناکام ہو ا ہے ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ لفٹ سکیموں کو فعال بنا نے کیلئے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام و ضلع انتظامیہ سے بھی اپیلیں کی گئی ہیں لیکن ابھی تک کوئی کام ہی نہیں ہوسکا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں غیر فعال لفٹ سکیموں کی تفصیل جمع کر کے محکمہ کے تعینات ملازمین و آفیسران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دوسری جانب بی ایس ایف نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جانب سے فراہم کی جارہی سپلائی سے بغیر خلل کے فائدہ اٹھایا جائے ۔