راجوری // راجوری کے وارڈ نمبر 4کی سڑک مکمل خستہ ہوچکی ہے جس کی مرمت پچھلے دس سال سے نہیں کی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ راجوری اگر چہ ہر جگہ تعمیراتی کام کررہاہے لیکن آئی ٹی آئی سے لیکر پولیس سلانی پل تک وارڈ نمبر چار کی بہت بڑی آبادی کوجوڑنے والی واحد سڑک مکمل خستہ ہوچکی ہے جس کی کئی برسوںسے مرمت نہیں کی گئی ۔ روڈ کی خستہ حالت عوام کے لئے درد سر بنی ہوئی ہے تاہم انتظامیہ اس حوالے سے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھارہی ۔ افتار احمداور محمد فاروق نے بتایا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کو سڑک کی مرمت کیلئے کئی مرتبہ اپیل بھی کی گئی لیکن افسران نے بات سن کر ان سنی کردی اور اس اہم سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی خستہ حالت مختلف بیماریوں کا سبب بن رہی ہے جسے مرمت کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال سے اپیل کی کہ وہ وارڈ نمبر چار کی اندورنی روڈ کو مرمت کرانے کا حکم جاری کریں ۔