سرینگر//پارلیمنٹ میںقومی راجدھانی علاقہ(ترمیمی )بل2021،جس کے تحت دہلی کے لیفٹینٹ گورنر کومزیداختیارات دیئے گئے ہیں،کی مخالفت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے اِسے ملک کے وفاقی نظام پربراہ راست حملہ قراردیا ہے۔ایک بیان کے مطابق نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان (ر)جسٹس حسنین مسعودی نے کہاکہ کہ دہلی کی سرکار کو بے اختیار کرنا وفاقی نظام کیخلاف اور آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کو جموں وکشمیر کیساتھ بھی کچھ ایسا ہی کیا گیا اور جمہوری تقاضوں کو بالائے طاق رکھ کر اور آئین کو روند کر ہماری ریاست کے ٹکڑے کئے گئے اور ہماری خصوصی پوزیشن ختم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ آئین کی دفعہ3اور دفعہ367کو روند کر کئے گئے۔ اُس وقت مرکزی حکومت نے کہا کہ دفعہ 370عارضی تھا، اگر دفعہ 370عا رضی ہوتا تو وہ جموں و کشمیر کی اندرونی خودمختاری کیسے ممکن ہو پاتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر دفعہ370عارضی تھا تو پھر دفعہ371(a)سے لیکر(j)تک ساری دفعات عارضی ہیں۔ حسنین مسعودی نے کہاکہ 5اگست 2019کے اقدامات غیر آئینی تھے اور آج جو دہلی کیساتھ کیا جارہا ہے وہ بھی غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے صاف صاف الفاظ میں کہا ہے کہ ملک کا وفاقی نظام آئین کی بنیاد ہے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس ایوان کو وفاق کیساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عآپ اور کیجروال نے 5اگست2019کے فیصلوں میں مرکزی حکومت کا ساتھ دیا تھا اور آج اُنہیں خود ویسی ہی صورتحال سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عآپ کی طرح مرکز کے غلط فیصلوں میں ساتھ نہیں دیں گے، یہ آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور ہم اس کی مخالفت کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کو لیفٹنٹ گورنر کو ہی تمام اختیارات دینے ہیں ،تو پھر لیجسلیٹو اسمبلی رکھنے کا کیا مقصد ہے؟ دریں اثنا حسنین مسعودی نے جموں و کشمیر کے 80ہزار ڈیلی ویجروں، کیجول اور کنٹریکچول لیبروں، لیکچراروں اور ملازمین کی مستقلی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 5 اگست 2019کو مختلف پیرامیڈیکل کالجوں میں داخلہ لینے والے تمام افراد کا فارماسسٹوں کے طور اندراج کیا جائے۔