پونچھ+مینڈھر//یکم تا چھ رجب المرجب اجمیر شریف میں جہاں سلطان الہند سیدنا خواجہ معین الدین حسن چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا809 واں عرس مبارک بڑے ہی عقیدت و احترام سے منایاگیا وہیں سرحدی ضلع پونچھ میں بھی خواجہ غریب نواز کے چاہنے والوں نے تقریبات منعقد کر کے اظہار عقیدت کیا ۔ اس موقع پر جامع مسجد شریف عیدگاہ پونچھ کی انتظامیہ کمیٹی کے زیرِ ا ہتمام جمعہ کے روز ختم شریف، ذکر و ازکار کی محفل منعقد کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ اس مبارک تقریب میں علمائے کرام نے سنتوں بھرا بیان فرما تے ہوئے غریب نوازؒ کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ اجمیری ؒکی شخصیت ہی ہیں جنہوں نے ہندوستان میں اسلام کی شمع روشن کی۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بندہ پروری کرنے کے سبب عوام نے خواجہ غریب نواز کو غریب نواز کے لقب سے نواز دیا، یہی عقیدت ہے کہ آ ٓج بھی لاکھوں کی تعداد میں زائرین مزار پر حاضری دے رہے ہیں۔اُدھرمرکزی جامع مسجد مینڈھر میں جمعۃ المبارک کے موقعہ پر ہند الولی خواجہ غریب نواز محی الدین اجمیری ؒ کے ختمات معظمات 6رجب المرجب کی نسبت سے پڑھے گئے اور بعد نماز جمعہ دعاء کی گئی اور نیاز بھی تقسیم کی گئی۔ اس موقعہ پر مرکزی جامع مسجد کے خطیب و امام مولانا محمد سلطان نقشبندی نے ملک و ملت کی سلامتی اور امن کیلئے خصوصی دعاء کی۔انہوں نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیا ء اللہ کی زندگی ہم لوگوں کیلئے مشعل راہ ہے ہمیں ان کی زندگی سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتاہے کہ انہوں نے کس طرح سے سرزمین ہندو پاک میں دین اسلام کی آبیاری کی اور دین کو جگہ جگہ پہنچانے میں ان کا اہم رول ہے ۔