جموں //جموں وکشمیر نیشنل پنتھرز پارٹی کی یوتھ ونگ نے جموں میونسپل کارپوریشن پر قانون کو نظرانداز کرکے سیاسی اثرورسوخ تلے کام کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ پنتھرز کے ریاستی نائب صدر پرتاپ سنگھ جموال نے کہاکہ کارپوریشن کی جانب سے جوگی گیٹ شمشان گھاٹ کی مرمت و تجدید کے سلسلہ میں ایک ٹینڈر زیر نمبرHAUDD,65787-1جاری ہوا جس کیلئے 4بولیاں موصول ہوئیںلیکن ان میں سے بھی میونسپل کارپوریشن نے بغیر کسی جوازیت کے دو ٹھیکیداروں کے کاغذات مسترد کردئیے اور دو کو ہی منطور ی دی گئی ۔انہوں نے کہاکہ کارپوریشن نے مبینہ طورپر سیاسی پشت پناہی والے ایجنٹوں کو ٹینڈر الاٹ کئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جن ایجنٹوں کے کاغذات کو مسترد کیا گیا ان میں سے ایک ایجنٹ کے کاغذات میں کوئی بھی کمی نہیں تھی اور مسترد کرنے کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی جس کے بعد عدالت سے بھی رجوع کیا گیا اور عدالت نے مذکورہ ٹینڈر کی الاٹمنٹ پر بھی روک لگاتے ہوئے مذکورہ اتھارٹی کو حکم جاری کیا ہے کہ کسی بھی ایجنٹ کے حق میں الاٹمنٹ نہ کی جائے لیکن اس کے باوجود بھی جموں میونسل کارپوریشن مخصوص ایجنٹ کے حق میں کا م کر رہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیاکہ جموں میونسپل کارپوریشن میں سیاستدانوں اور سیاسی پشت پناہی والے ٹھیکیداروں کو ترجیح دی جارہی ہے ۔پنتھرز لیڈر نے ریاستی گورنر سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ معاملہ میں ذاتی مداخلت کرکے آفیسران کیخلاف کاروائی کا حکم جاری کریں ۔اس موقعہ پر بنو پرتاپ گوریا ،وکرنت شرما،ارجن سوری ،ارون مہرا ودیگران بھی موجود تھے ۔