جموں//اننت ناگ۔راجوری پارلیمانی حلقے سے رکنِ پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو کی جانب سے جموں۔راجوری ریلوے لائن منصوبے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ایک بیان میں ایم پی میاں الطاف نے کہا کہ وزیرِ ریلوے کے مطابق جموں۔راجوری ریلوے لائن کے لیے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے اس اہم ریلوے منصوبے کا معاملہ مسلسل مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھایا جا رہا تھا اورمرکزی ریلوے وزیر کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران بھی اس پر بارہا گفتگو کی گئی، جس میں وزیرِ ریلوے نے اس منصوبے کی پیش رفت اور تکمیل کی یقین دہانی کرائی تھی۔میاں الطاف نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خطے کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اسے عملی شکل دینے کی سمت اہم قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں۔راجوری ریلوے لائن منصوبے سے خطے میں رابطہ بہتر ہوگا، جس کے نتیجے میں ترقی، سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ منصوبہ طویل عرصے سے مقامی عوام کا مطالبہ رہا ہے اور اس کے اعلان سے عوام میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔