سرینگر / /بیکن حکام کی نااہلی اور آر اینڈ بی محکمہ کی لاپرواہی کے سبب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی کرناہ کی سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں ۔ٹنگڈار سے ٹیٹوال سڑک اگرچہ محکمہ بیکن کے ذمہ ہے، لیکن سڑک اس قدر خستہ ہے کہ مسافر اس پر جان جوکھم میں ڈال کر سفر کرتے ہیں ۔اسی طرح سب ڈویژن کی دوسری اندرونی اور اہم سڑکیں جن کی دیکھ ریکھ کا کام محکمہ آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی کے ذمہ ہیں، یہ سڑکیں بھی کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔ٹرانسپورٹ یونین کرناہ کا کہنا ہے کہ سڑک کی مرمت کے حوالے سے انہوں نے کئی بار احتجاج بھی کیا لیکن متعلقہ محکمہ نے اس طرف کوئی بھی دھیان نہیں دیا ۔ یونین کے مطابق روزانہ یہاں کی سڑکوں پر 300چھوٹی بڑی مال بردار گاڑیاں سفر کرتی ہیں،جن کے کل پرزے خستہ حال سڑکوں کی وجہ خراب ہوتے ہیں۔تاجر برادری نے بھی سڑکوں کی خستہ حالی کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکام نے لوگوں کو حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔بیوپار منڈل کے صدرحاجی تسلیم احمد میر نے کہا کہ ٹنگڈار مین بازار جہاں سینکڑوں دکانیں ہیں اور کرناہ کے مختلف علاقوں سے لوگ روزانہ خرید وفروخت کیلئے آتے ہیں ،وہاں کی سڑکیں بھی کھنڈرات کا منظر پیش کرتی ہیں ۔انہوںنے کہا کہ ٹنگڈار سے ٹیٹوال جانے والی یہ سڑک کافی اہمیت کی حامل ہے لیکن محکمہ بیکن نے برسوں سے اس کی مرمت پر ایک بھی پیسہ خرچ نہیں کیا ۔تسلیم نے کہا سڑک کے کناروں پر اس وقت سینکڑوں دکانیں موجود ہیں جن کا سامان گرمیوںمیں گرد وغبار کی وجہ سے خراب ہو جاتا ہے کیونکہ سڑک پر گاڑیوں کے چلنے سے دھول اٹھتی ہے ۔حاجی تسلیم نے کہا کہ گذشتہ سال علاقے میں آنے والے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے نالہ بتہ موجی پر تعمیرکئے گئے دو پل ڈھہ گئے تھے اور سڑک کو بھی نقصان پہنچا تھا لیکن اْس کے بعد نہ ہی پلوں کی تعمیر کا کام محکمہ بیکن نے ہاتھ میں لیا اور نہ ہی سڑک کی مرمت کی گئی جبکہ بیکن کے عہدیداروں نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ پلوں کی تعمیر کا کام فوری طور پر ہاتھ میں لیا جائے گا ۔اسی طرح ٹنگڈار ۔جاڈہ ، ٹنگڈار۔ گبرہ ، ٹنگڈار۔ سلمان ، ٹنگڈار۔ ٹاڈ ، ٹنگڈار۔ چرکونجی ، ٹنگڈار ۔کونہ گبرہ ، ٹنگڈار۔ جبڑی ،سکھ بریچ باردکوٹ ، چترکوٹ گھنڈی گجرہ ، گھنڈی سیدیاں ، کے علاوہ پراڑہ اور دھنی سڑکیں بھی گاڑیوںکی آمدورفت کے قابل نہیں ہیں، صرف پہاڑوں کو چیر پھاڑ کر سڑکیں بنائی گئیں ہیں لیکن نہ ان کی کشادگی کی گئی اور نہ میکڈم بچھایا گیا ۔مقامی لوگوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر سڑکوں کی مرمت کیلئے کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جاتے تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ۔انہوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اور بیکن حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سرحدی علاقہ کی سڑکوں کی مرمت کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔