جموں//اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد جموں مہانگر نے کشمیر میں اقلیتوں کے وحشیانہ قتل کے خلاف پریڈ سے لے کر مجسمہ ہری سنگھ تک ڈوگرہ چوک جموں میں مارچ کا اہتمام کیا۔ اے بی وی پی کے رضاکاروں نے پاکستان کے خلاف نعرے بلند کیے اور مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کو ختم کیا جائے۔ اے بی وی پی کے رضاکاروں نے کشمیر میں شہریوں بالخصوص اقلیتی ہندوؤں اور سکھوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر غم کا اظہار کیا جہاںبندوق برداروں نے دو سرکاری سکولوں کے اساتذہ کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ انہوں نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا اور حکومت سے درخواست کی کہ وہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرے۔ مارچ اے بی وی پی نارتھ زون کے آرگنائزنگ سکریٹری وجے پرتاپ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کسی سے دھوکہ نہیں کھائیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں دہشت گردی آخری مرحلے میں ہے اور پاکستان کے زیر اہتمام دہشت گردی کو سبق سکھانے کی ضرورت ہے۔ اے بی وی پی غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب وقت آگیا ہے کہ جموں کشمیر میں دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر میں شہریوں کے منتخب قتل کا واقعہ افسوسناک ہے اور کشمیریت اور انسیت کے خلاف ہے۔