جموں//شری ماتا ویشنو دیوی کالج ف نرسنگ کے سالانہ دن کی تقریبات شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی ککریال کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب پر ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک جو کہ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں،مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر اشوک بھان اور میجر جنرل ریٹائیرڈ شو کمار شرما ، شرائین نورڈ کے ممبران ، شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین اور گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ بھی موجود تھے ۔ اس سے قبل یونیورسٹی کے ہیلی پیڈ پر گورنر کے مشیر بی بی ویاس اورشرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر سمرن دیپ سنگھ نے گورنر کا استقبال کیا ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس کالج میں اعلیٰ معیار کی نرسنگ کی تعلیم دی جاتی ہے اور یہاں سے تربیت یافتہ اور ماہر نرسیں فارغ ہو کر اس پیشے کو دوام بخش رہی ہیں ۔ دیپ جلانے اور حلف برداری کی رسم کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ ہر نرسنگ طاب علم کیلئے ایک خاص موقعہ ہے ۔ انہوں نے انسانی خدمت کیلئے یہ پیشہ اختیار کرنے پر نرسنگ کورس کے طالب علموں کو مبارکباد دی ۔ گورنر نے گذشتہ سال کے دوران تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو انعامات سے نوازہ ۔ اپنے افتتاحی خطاب میں شرائین بورڈ کے ممبر شو کمار شرما نے کالج کی سرگرمیوں اور گذشتہ سال کی حصولیابیوں کی تفصیلات دیں ۔ اس سے قبل کالج میں تیسری بیچ کے طالب علموں نے اپنے ہاتھوں میں شمعیں اٹھا کر انسانیت کی بے لوث خدمت کا حلف لیا ۔ نرسنگ کالج کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر برگیڈئیر ایم ایم ہرجائی نے مہمانوں کاشکریہ ادا کیا ۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شائلا کینی نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد طالب علموںکو حلف دلایا ۔ اس موقعہ پر نرسنگ کالج کے طالب علموں نے موسیقی اور رقص کے پروگرام پیش کئے جن کو حاضرین نے کافی سراہا ۔