جموں///انجمن گوجری زبان و ادب دھرم سال کالا کوٹ نے سنگیت ناٹک اکیڈمی نئی دہلی کے مالی اشتراک سے اسرائیل اثرؔ میموریل ٹرائبل ایجوکیشن مشن سکول مہالالمبیڑی میں نامورگوجری ڈرامہ ’’مقدم بجیو‘‘پیش کیاجسے طلباء اوردیگرمعززشہریوں نے کافی سراہا۔ اس دوران ڈرامے میں شہبازاحمد، ارشاداحمد،صداقت علی ،بشارت علی وغیرہ فنکاروں نے شانداراداکاری کے جوہردکھائے اورناظرین کومحظوظ کیا۔ اس موقعہ پر ڈرامانگار شوکت نسیم بھی موجودتھے۔اس موقعہ پرشوکت نسیم نے کہاکہ انجمن گوجری زبان وادب کامقصد گوجروں کی تہذیب وثقافت کونمایاں کرنااورگوجری زبان کی ترقی کیلئے کام کرناہے۔انہوں نے کہا کہ ڈرامہ ایک بہترین صنف ہے جس کے ذریعے لوگوں تک پیغام کو آسانی اورموثرطریقے سے پہونچایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے فنکاروں کو مبارک باد پیش کی ۔ قبل ازیں انجمن کے عہدیداران نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ انجمن آج تک سینکڑوں ڈرامے کھیل چکی ہے اوراپنے مشن پرکاربندہے۔ واضح رہے کہ انجمن گوجری زبان و ادب دھرم سال کالا کوٹ ریاست کی ایک نامور تنظیم ہے جو کہ دیگر ادبی و سماجی سرگرمیوں کے ساتھ گوجری ڈرامہ کو وسعت دینے میں مصروف ہے ۔ڈرامہ ’’ مقدم بجیو ‘‘ شوکت نسیم کی تحریراورہدایت کاری کے تحت کھیلاگیا۔