جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ٹیچرس بھون گاندھی نگر میں سالانہ کتاب میلے کا افتتاح کیا۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہاکہ ریاست ایک مشکل دور سے گزری ہے جس کا اثر طلاب پر پڑا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ریاست میں امن تعلیم متعارف کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ مشکل حالات کے دوران یہاں کے اساتذہ نے قابل فخر کام انجام دے کر طلاب کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا۔وزیر نے کہا کہ محکمہ نے ریاست میں معیار تعلیم میں بہتری لانے کے لئے کافی اقدامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ حصول تعلیم کے عمل میں بہتری لانے کی خاطر محکمہ تعلیم اختراعی نوعیت کے اقدامات کر رہا ہے۔میلے کے دوران کئی نامور ناشروں نے اپنے کتابوں کے سٹال لگائے تھے۔