اب یہ بات دن بہ دن عیاںو بیاں ہورہی ہے کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام آہستہ آہستہ ایک غیر مسابقتی مشین میں تبدیل ہوتا جارہا ہے ۔طلاب کو تواتر کے ساتھ نمبرو ں، رینکنگ اور مقابلے کی ایسی دوڑ میں دھکیل دیا جارہا ہے، جہاں اُن کی ذہنی صحت ،جذبات اور شخصیت کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہتی،طلاب رات دن محض ایک امتحان کے دائرے میں اپنی زندگی گھماتے ہیں ،اپنے اقارب و احباب سے دور ہوجاتے ہیں،جسمانی تگ و دَو سے محروم رہتے ہیں،یہاں تک کہ معاشرتی تعلقات محدود کرلیتے ہیں اور ہر وقت اسی فکر و خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ کہیں وہ امتحان میں پیچھے نہ رہ جائیں۔اس شدیدذہنی و جسمانی دبائو کے باوجود وہ خود کو سنبھالے رکھتے ہیںتاکہ ایک دن اُن کی محنت رنگ لائے۔لیکن ان طلاب کو جب یہ سُننا پڑتا ہے کہ امتحانی سوالیہ پرچے لیک ہوگئے تھے،کچھ لوگ پہلے ہی سولات حاصل کرچکے تھے ، امتحان منسوخ کردیئے گئے ہیںاور نتیجتاً اب امتحان دوبارہ منعقد کئے جارہے ہیں، تو اُن کے اندر ایک پیچیدہ ہلچل اور گہری ٹوٹ پھوٹ پیدا ہوجاتی ہے ،جس سے نہ صرف اُن کا تعلیم کانقصان ہوتا ہے بلکہ اُن کے نفسیات کا بھی استحصال ہوجاتا ہے۔ایسے حالات میںکئی طلاب شدید قسم کی ذہنی اُلجھنوں کا شکار ہوجاتے ہیں اور بُری طرح متاثر ہوکر شدید قسم کے اقدام اُٹھاتے ہیں جو بذات خود اُن کے لئے ہی نہیں بلکہ اُن کے گھر والوں کے لئے انتہائی درد ناک،پیچیدہ اور المناک بن جاتے ہیں۔ظاہر ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کے مستقبل کی تعمیر کا بنیادی اور مؤثر ذریعہ ہوتی ہے،ہر قوم اپنے تعلیمی نظام کے معیار سے پہچانی جاتی ہیں اور نوجوان نسل کے خوابوں کی حفاظت دراصل ملک کے مستقبل کی حفاظت سمجھی جاتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ امتحانات کو ہمیشہ نہایت سنجیدہ، حساس اور مقدس ذمہ داری تصور کیا گیا ہے، کیونکہ امتحان صرف سوالات کے جوابات لینے کا عمل نہیں بلکہ محنت، صلاحیت، دیانت اور مستقبل کے تعین کا پیمانہ ہوتے ہیں۔ لیکن جب انہی امتحانات پر بدعنوانی کے سائے پڑنے لگیں، سوالیہ پرچے بازار میں فروخت ہونے لگیں اور محنت کے بجائے رسائی اور پیسے کامیابی کی ضمانت بننے لگیں تو یہ صرف ایک انتظامی ناکامی نہیں رہتی بلکہ پورے معاشرے کے اخلاقی زوال کی علامت بن جاتی ہے۔رواں ماہ کی تین تاریخ کو منعقد ہونے والےNEET UG 2026 کے امتحانات کے پرچے لیک ہونے کی خبروںسے منعقدہ امتحان کو منسوخ کردینے کےفیصلہ کے سِوا یقیناً حکومت اور متعلقہ اداروں کے پاس کوئی اور راستہ نہ تھا، کیونکہ اگر امتحان مشکوک ہوجائے تو اس کے نتائج لاکھوں طلاب کے ساتھ ناانصافی کا سبب بن سکتے ہیں۔ لیکن اس فیصلے کا دوسرا رُخ کہیں زیادہ دردناک، پیچیدہ اور انسانی المیے سے بھرپور ہے۔ یہ فیصلہ اُن لاکھوں طلبہ کے لئے شدید نفسیاتی صدمہ بن کر سامنے آیا ہے، جنہوں نے پورا سال اپنی نیندیں، اپنی خواہشات، اپنی آسائشیں اور اپنے جذبات قربان کرکے صرف ایک خواب کی تعبیر کے لئے خود کو کتابوں کے حوالے کردیا تھا۔الغرض یہ واقعہ ملک کے تعلیمی نظام کے اندر موجود اُن کمزوریوں کو بے نقاب کرتا ہے جن پر شاید برسوں سے پردہ ڈالا جارہا تھا۔ اہم سوال یہی پیدا ہوتا ہے کہ آخر اتنے بڑے قومی امتحان کے حفاظتی انتظامات اتنے کمزور کیوں ہیں؟ اگر ملک کے حساس ترین امتحانات میں شامل سوالیہ پرچے بھی محفوظ نہیں رہ سکتے تو پھر یہ نظام کس بنیاد پر اپنی ساکھ قائم رکھے ہوئے ہے؟ امتحانی مراکز، ڈیجیٹل نگرانی، خفیہ نقل و حمل، مضبوط سیکورٹی اور خفیہ ہینڈلنگ جیسے تمام دعوؤں کے باوجود اگر امتحانی پرچے لیک ہوجاتے ہیں تو اس کا مطلب واضح ہے کہ مسئلہ صرف انتظامی نہیں بلکہ اخلاقی اور نظامی بھی ہے۔لہٰذا ضرورت محض نئے امتحان کی تاریخ دینے کی نہیں بلکہ نئے اعتماد کی تعمیر کی ہے، تعلیمی نظام کو انسان دوست، شفاف اور انصاف پر مبنی بنانے کی ہے۔ ایسا نظام جہاں سوالیہ پرچے محفوظ ہوں، محنت کا احترام ہو، نوجوانوں کی ذہنی صحت اہم ہو اور کامیابی کا معیار صرف نمبر نہیں بلکہ کردار، صلاحیت اور دیانت بھی ہو۔اگر اس واقعہ کے بعد بھی سنجیدہ اصلاحات نہ کی گئیں تو شاید آنے والے برسوں میں امتحانات تو ہوتے رہیں گے، نتائج بھی آتے رہیں گے، لیکن نوجوان نسل کے دلوں میں اعتماد، امید اور انصاف کا جو چراغ بجھ رہا ہے، اُسے دوبارہ روشن کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔