جموں//نائب وزیر ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ سنسکرت کو درپیش چیلنج فوری طور دور کئے جائیں گے۔نائب وزیراعلیٰ راشٹریہ سنسکرت سنتھان کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں کوٹ بلوال جموں میں قائم ادارے کے شری رنبیر کیمپس میں ایک اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں ۔سنسکرت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس زبان کی وساطت سے ہم اپنے اسلاف اور اپنی ثقافت کو سمجھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اس زبان کو فروغ دینے اور اس کے ذریعے امن وخوشحالی پھیلانے میںاہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔نائب وزیراعلیٰ نے ادارے میں جدید طرزِ عمل کو اپنانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔تقریب پر خاص مہمان کی حیثیت سے موجود صحتِ عامہ کے وزیر شیام لال چودھری نے ادارے کے طلباء کے نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر دکھائی گئی ایک ڈاکیومنٹری فلم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ لڑکیاں ہر میدان میںلڑکوں سے آگے رہتی ہیں اور اُنہیں مزید آگے جانے کے لئے مناسب ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔