جموں//جموں مسلم فرنٹ نے آصفہ عصمت ریزی وقتل معاملے میں قانونی کارروائی میں رخنہ ڈالنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کامطالبہ کیاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں جموں مسلم فرنٹ نے کہاکہ جوعناصر آصفہ عصمت ریزی وقتل معاملے کی تحقیقات اورقانونی کارروائی میں رکاوٹیں پیداکررہے ہیں ان کے خلاف حکومت کوفوری طورپراقدامات اٹھانے چاہئیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ باعث شرم بات ہے کہ تعلیم یافتہ طبقہ ملزمان کی حمایت کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے انصاف کے نظام پرمنفی اثرات مرتب ہونے کااحتمال ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ ملزمان کی حمایت کرنے والے عناصرکے رویہ کانوٹس لیں تاکہ ایسے عناصرکی حوصلہ شکنی ہوسکے۔فرنٹ نے آصفہ معاملے کی تیزرفتارٹرائل کےلئے خصوصی عدالت قائم کرنے کی بھی مانگ کی ۔انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ جج کی موجودگی میں ان عناصرکاپولی ٹیسٹ کرانے پربھی زوردیاجوکرائم برانچ کی مخالفت کررہے ہیں۔انہوں نے سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ آصفہ معاملے میں انصاف کویقینی بنانے کےلئے اپنارول اداکریں۔