عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں ایک خاتون کو اپنے شوہر کے مبینہ قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بِٹو رام، جو بلاور کے دھار دگنو گاؤں کا رہائشی تھاکی نعش گزشتہ سال 9 اکتوبر کو ایک نالے سے برآمد ہوئی تھی۔ متوفی کے چہرے اور اعضا پر متعدد زخم پائے گئے تھے جبکہ گردن پر رسی سے کے نشانات بھی موجود تھے۔واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ تفتیش کے دوران جائے واردات کا سائنسی معائنہ کیا گیا اور کئی اہم شواہد ضبط کیے گئے۔
بدوران تحقیقات پولیس نے مختلف مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی، جس کے بعد مقتول کی اہلیہ سمرو دیوی کو اصل ملزمہ کے طور پر شناخت کیا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران ملزمہ نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ اس نے بتایا کہ اس کے ناجائز تعلقات تھے جس کے باعث شوہر کے ساتھ اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے اور تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمہ نے اعتراف کیا کہ انہی تنازعات کے سبب اس نے رسی سے گلا گھونٹ کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران جرم سے متعلق اہم سامان بھی برآمد کیا ہے۔
کٹھوعہ میں شوہر کے قتل کے الزام میں خاتون گرفتار