عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے کہ پہلگام حملے جیسے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ دن انتہائی دردناک ہے کیونکہ آج بھی لوگ ان سیاحوں کو یاد کر رہے ہیں جو چھٹیاں منانے آئے تھے مگر ملی ٹینسی کا نشانہ بن گئے۔انہوں نے کہا’’آج ہم سب کے لیے بہت تکلیف دہ دن ہے کیونکہ ہم پہلگام کے اس افسوسناک واقعے کو یاد کرتے ہیں۔ ہم اُن تمام افراد کو یاد کرتے ہیں جو بے قصور تھے، جو صرف اپنی چھٹیاں گزارنے آئے تھے، مگر ملی ٹینٹوں نے انہیں نشانہ بنایا اور ان کی قیمتی جانیں لے لیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سانحہ آج بھی جموں و کشمیر کے عوام کے دلوں پر بوجھ بنا ہوا ہے۔انھوں نے کہا ہم اب بھی غم میں ہیں۔عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ اس حملے کے بعد حکومت نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ عمرکا کہنا تھا کہ ہم نے اسی دن یہ طے کیا تھا اور آج بھی اس پر قائم ہیں کہ ہماری مکمل کوشش یہی رہے گی کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کی ذمہ داری تمام اداروں پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا چاہے وہ منتخب حکومت ہو، مرکزی حکومت یا قانون نافذ کرنے والے ادارے، ہم سب مل کر اس مقصد کو حاصل کریں گے۔
پہلگام حملے جیسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، حکومت پُرعزم :عمر عبداللہ