عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہر کوئی ریاستی حیثیت کی بحالی چاہتا ہے اور وہ خود بھی اسی مؤقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ قیادت کی جانب سے کیا گیا وعدہ برقرار ہے اور حالات سازگار ہونے پر اِسے پورا کیا جائے گا۔جموں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرمانے کہا کہ ریاستی حیثیت کا مطالبہ پورے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں یکساں طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہر کوئی ریاستی حیثیت چاہتا ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ داخلہ امت شاہ پہلے ہی یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ جموں و کشمیر میں استحکام آنے کے بعد مناسب وقت پر ریاستی حیثیت بحال کی جائے گی۔‘‘
شرما نے جموں کے بعض علاقوں میں مبینہ بنگلہ دیشی اور روہنگیا افراد کی موجودگی اور نقل و حرکت پر بھی تشویش ظاہر کی اور انتظامیہ سے قریبی نگرانی کی اپیل کی۔انہوں نے کہا، ’’عمر عبداللہ حکومت کو جموں میں مقیم بنگلہ دیشی اور روہنگیا افراد کی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر نظر رکھنی چاہیے۔ ان کی شناخت کی جا رہی ہے اور انہیں ایک جگہ آباد کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ملک بدری کے قانونی پہلو کی وضاحت کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ایسے افراد کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیجنے کا اختیار مرکزی حکومت کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’انہیں ان کے متعلقہ ممالک واپس بھیجنے کا فیصلہ مرکز کرے گا اور یہ عمل بین الاقوامی قوانین کے مطابق سختی سے انجام دیا جائے گا۔‘‘
’’ہم بھی ریاستی حیثیت کی بحالی چاہتے ہیں‘‘ : جُگل کشور شرما