عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ /حکام نے ہفتہ کے روز برف باری کے باعث پھسلن اور غیر محفوظ ہو جانے والی بانڈی پورہ -گُریز سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی۔عہدیداروں کے مطابق موجودہ سڑک اور موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کو صرف یکطرفہ، یعنی بانڈی پورہ سے گُریز کی جانب، اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو ٹریفک کنٹرول پولیس کی جانب سے جاری کردہ کٹ آف ٹائمنگ پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔ایڈوائزری کے مطابق ترگبل سے کٹ آف وقت دوپہر 2 بجے مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد کسی بھی گاڑی کو گُریز کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ فیصلہ پھسلن والی سڑک اور ممکنہ تازہ برف باری کے پیش نظر مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام نے ڈرائیور کو ہدایت دی ہے کہ آہستہ رفتار سے گاڑی چلائیں، لین ڈسپلن برقرار رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ساتھ ہی مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سڑک کی صورتحال میں ممکنہ تبدیلی کے پیش نظر ٹریفک حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ٹریفک اور سڑک کی دیکھ بھال کرنے والی ٹیمیں الرٹ پر ہیں، جبکہ آئندہ نقل و حرکت کا انحصار زمینی صورتحال اور موسمی پیش گوئی پر ہوگا۔
بانڈی پورہ -گُریز سڑک پر ٹریفک آمدورفت بحال