عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کل یعنی 24 اپریل 2026 کو جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے اومپورہ میں نئے تعمیر شدہ 30 بستروں پر مشتمل ESIC اسپتال کا افتتاح کریں گے۔ یہ اسپتال مستقبل میں 100 بستروں تک توسیع کے قابل ہوگا اور خطے میں ای ایس آئی اسکیم کے تحت صحت سہولیات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
افتتاحی تقریب کے دوران ڈاکٹر منڈاویہ اسپتال کی تعمیر میں حصہ لینے والے مزدوروں کو بھی خصوصی طور پر اعزاز سے نوازیں گے۔ یہ طبی مرکز بڈگام اور آس پاس کے علاقوں کے تقریباً 50 ہزار مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرے گا۔
یہ پروجیکٹ تقریباً 5 ایکڑ رقبے پر 165 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، جس میں اسپتال کی عمارت، سروس بلاک اور 32 رہائشی کوارٹرز شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر اسپتال میں 30 بستروں کی سہولت ہوگی جسے مرحلہ وار بڑھا کر 100 بستروں تک لے جایا جائے گا۔
اسپتال میں جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں تین ماڈیولر آپریشن تھیٹر، ایک ایمرجنسی آپریشن تھیٹر، چار پیشنٹ لفٹس اور جدید HVAC نظام شامل ہے تاکہ مریضوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ سولر واٹر ہیٹنگ اور سیوریج ٹریٹمنٹ جیسے ماحول دوست نظام بھی نصب کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ای ایس آئی اسکیم کا آغاز 16 اکتوبر 1989 کو ہوا تھا، جس کے تحت ابتدائی طور پر تقریباً 7 ہزار مزدوروں کو فائدہ پہنچایا گیا۔ اس وقت یہ اسکیم پورے جموں و کشمیر میں نافذ ہے اور تقریباً 1,83,119 بیمہ شدہ افراد اور 7 لاکھ مستفیدین کو خدمات فراہم کر رہی ہے۔
ریاست میں بنیادی طبی سہولیات مختلف ڈسپنسریوں کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ ثانوی علاج کے لیے جموں کے بڑی براہمناں میں 50 بستروں پر مشتمل ESIC ماڈل اسپتال اور متعدد نجی ہسپتالوں کے ساتھ اشتراک بھی موجود ہے۔
مرکزی وزیرمنسکھ منڈاویہ کل بڈگام کے اومپورہ میں 30 بستروں پر مشتمل ESIC اسپتال کا افتتاح کریں گے