عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/شمالی ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے میں جمعرات کو پیش آئے دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو افراد کی موت واقع ہوگئی۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ہندواڑہ بائی پاس سڑک پر ایک موٹر سائیکل اور لوڈ کیرئیر کے درمیان تصادم میں ایک بائیک سوار ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے میں موٹر سائیکل زیر نمبر JK09E-0932 اور لوڈ کیرئیر JK09E-1239 شامل تھے۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت شاہد احمد شاہ ولد ارشاد احمد شاہ ساکن میدان چوگل کے طور پر ہوئی ہے، جو شدید زخمی ہوگئے تھے۔
عہدیدار کے مطابق انہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہندواڑہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لوڈ کیرئیر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
ایک اور واقعہ ہندواڑہ کے مراٹگام علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک لوڈ کیرئیر زیر نمبر JK09C-4575 نے ایک پیدل چلنے والی خاتون کو ٹکر مار دی۔ خاتون شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں جی ایم سی ہندواڑہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
بعد ازاں متوفیہ کی شناخت 70 سالہ عازی بیگم زوجہ محمد عبداللہ بھٹ کے طور پر ہوئی۔پولیس نے دونوں حادثات کا نوٹس لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ہندواڑہ میں دو مختلف حادثات: بائیک سوار اور معمر خاتون جاں بحق