عظمیٰ ویب ڈیسک
شوپیاں/ضلع شوپیاں کے اگلار پینجورا علاقے میں بدھ کی دیر شام ایک کولڈ اسٹوریج دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
حکام کے مطابق یہ دھماکہ فروٹ منڈی میں واقع زم زم کولڈ اسٹور میں اُس وقت پیش آیا جب بھاپ کے بوائلر کی مرمت کا کام جاری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں تین انجینئر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ضلع ہسپتال شوپیاں منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے ایک، سوربھ سنگھ ساکن علی گڑھ، اتر پردیش، ہسپتال پہنچتے ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ دیگر دو افراد راج کمار اور شیو کمار زیر علاج تھے۔
حکام نے مزید بتایا کہ رات کے دوران شیو کمار بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد دو ہوگئی، جبکہ راج کمار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
عہدیداروں کے مطابق متاثرہ افراد بوائلر کی مرمت میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکہ ہوگیا۔ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
شوپیاں میں کولڈ اسٹور میں دھماکہ: دو افراد جاں بحق، ایک زخمی