غلام نبی رینہ
کنگن/ایک ہفتہ تک بند رہنے کے بعد ہفتے کے روز سرینگر–لہیہ شاہراہ کو یکطرفہ طور پر چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا، جس کے بعد دراس سے سرینگر کی جانب گاڑیوں کو روانہ کیا گیا۔ بھاری برفباری کے باعث شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔
موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی دراس اور سونمرگ کی جانب سے برف ہٹانے کا کام تیزی سے شروع کیا گیا تاکہ شاہراہ کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔ جمعرات کے روز برف ہٹانے کا عمل مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد آج یعنی ہفتے کے روز دراس سے سرینگر کی طرف چھوٹی گاڑیوں کی نقل و حرکت ممکن بنائی گئی۔
ٹریفک پولیس نے شاہراہ پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دورانِ سفر گاڑیوں میں اینٹی اسکیڈ چین کا استعمال لازمی کریں، کیونکہ زوجیلا پاس پر پھسلن کے باعث حادثات کا خدشہ برقرار ہے۔
ایک ہفتہ بعد سرینگر–لہیہ شاہراہ جزوی طور پر بحال، چھوٹی گاڑیوں کی یکطرفہ آمدورفت شروع