۔ 20کلو میٹر تک سائیکلوں کی دوڑ،نوجوانوں کی بھاری شرکت
سرینگر//بائیسکل کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے بدھ کو رائل سپرنگس گالف کورس میں سائیکل سواروں اور نوجوانوں کیساتھ فٹنس، صحت مند زندگی اور ماحولیاتی بیداری کے جذبے کو منانے کے لیے ایک سائیکلوتھون کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کی طرف سے اپنے اہم اقدام کے تحت سائیکلوتھون’مائی یوتھ مائی پرائیڈ’یعنی ‘میرانوجوان ،میرافخر’کے تحت منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں وادی کے مختلف حصوں سے سائیکل سواروں، نوجوانوں، طلبا اور کھیلوں کے شائقین کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی۔ عمرعبداللہ نے آئندہ جموں سائکلوتھون کیلئے ماسکوٹ، جرسی اور تشہیری مہم کا آغاز کیا، ایونٹ کی تاریخوں کا اعلان کیا، اور کہا کہ کشمیر سائکلوتھون کو ملک بھر سے سائیکل سواروں کو راغب کرنے کے لیے قومی سطح کے ایونٹ کے طور پر منعقد کیا جانا چاہیے، اس طرح جموں و کشمیر کو ایڈونچر اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر فروغ دیا جائے گا۔
عمرعبداللہ نے سائیکلنگ میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو سراہا اور فعال طرز زندگی کو اپنانے، بہتر جسمانی اور ذہنی تندرستی کو یقینی بنانے اور کمیونٹی کی مصروفیت کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیر اعلی نے سائیکلنگ کو ماحولیاتی طور پر پائیدار نقل و حمل کے طریقے کے طور پر اجاگر کیا جو ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے صحت عامہ میں معاون ہے۔انہوں نے کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر شرکت کی حوصلہ افزائی کے لیے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈپارٹمنٹ اور جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل کی طرف سے شروع کیے گئے اقدامات کی تعریف کی۔سائیکلتھون کا آغاز رائل اسپرنگس گالف کورس سے ہوا اور تقریبا ً20 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے فارشور روڈ پر واقع بتھ پارک کی طرف بڑھا۔اس موقعہ پر وزیراعلی کے ہمراہ یوتھ سروسزاورسپورٹس کے وزیر ستیش شرمااور مشیر ناصر سوگامی بھی تھے۔ورلڈ بائیسکل ڈے ہر سال3 جون کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد سائیکل کے فوائدجیسا کہ صحت، ماحول دوستی اور سستی سواری کو اجاگر کرنا ہے۔